جاوید اقبال
مینڈھر// مینڈھر تا بالنوئی سڑک پر ڈھکی کے مقام پر واقع اہم پل کی مرمت کا کام محکمہ گریف (GREF) کی نگرانی میں جاری ہے، تاہم اس منصوبے کے تعمیراتی معیار کو لے کر مقامی آبادی میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا ہے کہ پل کی مرمت میں غیر معیاری میٹریل استعمال کیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف منصوبے کی مضبوطی بلکہ اس کی طویل مدتی پائیداری بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
مقامی افراد کے مطابق پل کی تعمیر و مرمت میں مقامی دریا سے حاصل کی گئی ایسی ریت استعمال کی جا رہی ہے جس میں مٹی کی مقدار زیادہ ہے، جبکہ تعمیر کے لیے استعمال ہونے والا سریا بھی مطلوبہ معیار کے مطابق نہیں بتایا جا رہا۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر اسی طرز پر کام جاری رہا تو پل چند ہی ماہ میں دوبارہ خستہ حال ہو سکتا ہے، جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا اور سرکاری خزانے پر اضافی مالی بوجھ بھی پڑے گا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ پل مینڈھر اور بالنوئی کے درمیان آمدورفت کے لیے انتہائی اہم حیثیت رکھتا ہے، جہاں روزانہ سینکڑوں گاڑیاں اور مسافر سفر کرتے ہیں۔ ایسے میں تعمیراتی کام میں کسی بھی قسم کی غفلت یا ناقص میٹریل کا استعمال مستقبل میں سنگین مسائل کو جنم دے سکتا ہے۔ ان کے مطابق عوامی مفاد کے منصوبوں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے اور متعلقہ اداروں کو اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ تمام تعمیراتی کام مقررہ تکنیکی اصولوں اور سرکاری ضوابط کے مطابق انجام دیے جائیں۔علاقہ مکینوں نے ضلع انتظامیہ اور متعلقہ اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی فوری، شفاف اور غیر جانبدارانہ انکوائری کرائی جائے تاکہ تعمیراتی کام کے معیار کا جائزہ لیا جا سکے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر تحقیقات کے دوران کسی قسم کی بے ضابطگی، لاپروائی یا سرکاری فنڈز کے غلط استعمال کے شواہد سامنے آتے ہیں تو ذمہ دار افسران اور متعلقہ افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔واضح رہے کہ ان الزامات کی محکمہ گریف (GREF) کی جانب سے تاحال باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی ہے۔ مقامی لوگوں کا مطالبہ ہے کہ منصوبے کی نگرانی کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ عوامی وسائل کا درست استعمال یقینی بنایا جا سکے اور پل کی تعمیر و مرمت دیرپا اور محفوظ معیار کے مطابق مکمل ہو۔