عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ جموں و کشمیر میں آئندہ ایک ہفتے تک وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث اچانک سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ، مٹی کے تودے گرنے اور بادل پھٹنے جیسے واقعات کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ تاہم محکمہ نے واضح کیا ہے کہ سالانہ امرناتھ یاترا فی الحال معمول کے مطابق جاری ہے۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر مختار احمدنے بتایا کہ گزشتہ چند روز سے جموں و کشمیر میں موسم گرم اور مرطوب رہا، جبکہ پیر کی صبح جموں صوبہ کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ پیر پنجال خطے، چناب ویلی اور جموں کے میدانی علاقوں میں شدید بارش ہوئیں، جبکہ جنوبی کشمیر اور ملحقہ علاقوں میں بھی بارش اور ابر آلود موسم دیکھنے میں آیا۔مختار احمد کے مطابق آج دوپہر اور شام کے اوقات میں جنوبی کشمیر، امرناتھ یاترا روٹ، چناب ویلی اور جموں کے بعض علاقوں میں مزید بارش کا امکان ہے، تاہم یہ زیادہ تر ہلکی نوعیت کی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ 7 اور 8 جولائی کو بھی اسی نوعیت کا موسمی سلسلہ برقرار رہے گا۔ ان کے مطابق جموں صوبہ بالخصوص پیر پنجال، چناب ویلی اور کچھ میدانی علاقوں میں صبح کے وقت نسبتاً زیادہ بارش متوقع ہے، جبکہ کشمیر وادی میں بیشتر مقامات پر ہلکی، چند علاقوں میں درمیانی اور کہیں کہیں مختصر دورانیے کی تیز بارش ہو سکتی ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ 9جولائی سے جنوب مغربی مانسون دوبارہ سرگرم ہونے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں جموں ڈویژن کے بعض حصوں میں موسلا دھار بارش جبکہ جنوبی کشمیر اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔انہوں نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ایک ہفتے کے دوران اچانک سیلاب، بادل پھٹنے یا اس جیسے واقعات، لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔محکمہ موسمیات نے مسافروں، سیاحوں، ٹرانسپورٹروں، ٹریکرز اور پکنک منانے والوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم کی تازہ صورتحال پر نظر رکھیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
امرناتھ یاترا کے حوالے سے مختار احمد نے کہا کہ محکمہ مسلسل موسم کی پیش گوئیاں، مختصر مدتی بلیٹن اور ضروری انتباہ جاری کر رہا ہے تاکہ یاترا محفوظ طریقے سے جاری رہ سکے۔ ان کے مطابق اب تک کہیں بھی انتہائی شدید بارش ریکارڈ نہیں ہوئی، بیشتر علاقوں میں ہلکی جبکہ چند مقامات پر درمیانی درجے کی بارش ہوئی ہے، اور فی الحال امرناتھ یاترا بغیر کسی بڑی رکاوٹ کے جاری ہے۔
جموں و کشمیر میں ایک ہفتے تک بارشوں ، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا امکان : محکمہ موسمیات