عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/سری نگر ہوائی اڈہ انتظامیہ نے پیر کے روز واضح کیا ہے کہ آج سری نگر ہوائی اڈے سے کسی بھی کمرشل پرواز کا شیڈول نہیں ہے۔ہوائی اڈہ انتظامیہ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘پر جاری کردہ مسافر مشاورتی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پیر اور منگل کے لیے مجوزہ NOTAMواپس لیے جانے کے بعد مختلف ایئر لائنز تازہ آپریشنل صورتحال کے مطابق اپنے پروازی شیڈول پر نظرثانی اور انہیں بحال کرنے کے عمل میں مصروف ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس عمل میں کچھ وقت لگ سکتا ہے، جبکہ منگل سے پروازوں کی بحالی کا امکان ہے، بشرطیکہ متعلقہ ایئر لائنز اپنے نظرثانی شدہ شیڈول کو حتمی شکل دے کر جاری کریں۔انتظامیہ نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہوائی اڈے روانہ ہونے سے قبل اپنی متعلقہ ایئر لائن سے پرواز کی تازہ ترین صورتحال ضرور معلوم کریں اور صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر ہی اعتماد کریں۔ہوائی اڈہ انتظامیہ نے کہا کہ وہ مسافروں کے تعاون اور صبر کی قدر کرتی ہے۔
آج سری نگر ہوائی اڈے سے کوئی پرواز نہیں، فضائی اڈہ انتظامیہ کی مسافروں کو ہدایت