عاصف بٹ
کشتواڑ// ضلع کشتواڑ سے تحفظ، ہمت اور قانون کی فوری کارروائی اس وقت دیکھنے کو ملی جب ایک 12سالہ بچی کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ جبکہ بچی کی بزرگ دادی نے کمالِ ہمت کا مظاہرہ کیا اور انصاف کے حصول کے لیے سیدھے درابشالہ پولیس پوسٹ پہنچ کر تحریری شکایت درج کروائی۔ تحریری شکایت ایک خاتون (نام پوشیدہ) نے اپنی 12سالہ نواسی (نام پوشیدہ) کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی کا الزام عائد کیا۔ کشتواڑ پولیس نے فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی۔ ایس ایس پی کشتواڑ نریش سنگھ نے بتایا کہ شکایت موصول ہوتے ہی پولیس اسٹیشن کشتواڑ میں مقدمہ زیرنمبر 149/2026درج کیاگیا جس میں بچوں کے جنسی تحفظ سے متعلق قانون (پوکسو ایکٹ) کی دفعات 7/8/11/12شامل کی گئں۔ ایس ایچ او پولیس اسٹیشن کشتواڑ کی قیادت میں ایک خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی گئی جس کے دوران ملزم کو کامیابی کے ساتھ گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت عمران حسین ولد شمس الدین ساکن بھگرانہ بدھات درابشالہ ضلع کشتواڑ کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے اور قانونی تقاضوں کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ کشتواڑ پولیس نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ اس حساس معاملے کی غیر جانبدار، شفاف اور تیز رفتار تحقیقات کو یقینی بنائے گی جبکہ متاثرہ کمسن بچی کی شناخت اور رازداری کا مکمل تحفظ قانون کے مطابق یقینی بنایا جائے گا۔