محتشم احتشام
پونچھ//تحصیل سرنکوٹ کی اہم رابطہ شاہراہ آئی ٹی آئی سرنکوٹ تا سانگلہ ۔پمروٹ انتہائی خستہ حالی کا شکار ہو چکی ہے، جس کے باعث روزانہ اس سڑک پر سفر کرنے والے ہزاروں افراد سخت اذیت میں مبتلا ہیں۔ جگہ جگہ گہرے گڑھے، اکھڑا ہوا تارکول، ٹوٹے ہوئے کنارے اور بارش کے بعد جمع ہونے والا پانی نہ صرف آمد و رفت کو دشوار بنا رہا ہے بلکہ کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بھی بن سکتا ہے۔
مقامی سماجی شخصیات سید ساجد علی اور سید ذوالفقار حسین شاہ نے کہا کہ یہ سڑک سرنکوٹ کے متعدد دیہات کو آپس میں جوڑنے والی اہم شاہراہ ہے، مگر متعلقہ محکمہ اور انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث اس کی حالت روز بروز ابتر ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ سینکڑوں طلبہ، سرکاری و نجی ملازمین، مریض، تاجر اور عام شہری اسی سڑک کے ذریعے اپنی منزلوں تک پہنچتے ہیں، لیکن خستہ حال سڑک کی وجہ سے سفر ایک کٹھن مرحلہ بن چکا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایمبولینسوں کو مریضوں کی بروقت منتقلی میں شدید دشواری پیش آتی ہے، جبکہ اسکولی بچوں کو بھی روزانہ خطرناک حالات میں سفر کرنا پڑتا ہے۔ خراب سڑک کی وجہ سے گاڑیوں کو مسلسل نقصان پہنچ رہا ہے، جس سے عوام کو اضافی مالی بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔سید ساجد علی اور سید ذوالفقار حسین شاہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے کی جانب کئی مرتبہ متعلقہ حکام کی توجہ مبذول کرائی گئی، مگر آج تک کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ انتظامیہ عوامی مشکلات سے بے خبر یا غفلت کی نیند سوئی ہوئی ہے۔انہوں نے ضلع انتظامیہ اور محکمہ تعمیرات عامہ (PWD) سے پرزور مطالبہ کیا کہ آئی ٹی آئی سرنکوٹ تا سانگلہ بائی پمروٹ سڑک کی فوری مرمت اور ازسرِ نو تعمیر کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو محفوظ، معیاری اور آسان سفری سہولت میسر آ سکے اور مستقبل میں کسی بھی ناخوشگوار حادثے سے بچا جا سکے۔