لنگ کھل سے بختاور محلہ تک سڑک پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا
عظمیٰ نیوز سروس
کولگام//وزیربرائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتو نے ضلع کولگام کے نندی مرگ کا دورہ کیااور انہوں نے وہاں لوگوں سے روبرو رابطہ قائم کرنے اور ان کی شکایات و ترقیاتی مسائل سننے کے لئے ایک عوامی دربار کا اِنعقاد کیا۔اِس موقعہ پر علاقے کے لوگوںنے مختلف ترقیاتی مطالبات پیش کئے اور کئی ایسے مسائل کو اجاگر کیا جن پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔وزیر موصوفہ نے لوگوںکے مسائل کو بغور سنا اور یقین دِلایا کہ تمام جائز مطالبات کو مرحلہ وار اور مقررہ مدت کے اندر پورا کیا جائے گا۔انہوں نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ حکومت تمام خطوں میں جامع اور مساوی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے۔
انہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ عوامی رسائی پروگرام اور لوگو ں سے روبروبات چیت حکومت کی شفاف، جوابدہ اور عوام دوست طرزِ حکمرانی کا اہم حصہ ہیں۔سکینہ اِیتو نے متعلقہ محکموں پر زور دیاکہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے قریبی تال میل سے کام کریں اور اس بات کا اعادہ کیا کہ لوگوں کی فلاح و بہبود اور ترقی حکومت کی اولین ترجیح رہے گی۔انہوںنے حکومت کی طرف سے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے کئے گئے مختلف اقدامات کو بھی اجاگر کیا اور خطے کی ہمہ گیر ترقی کو یقینی بنانے کے لئے جاری اقدامات کا خاکہ پیش کیا۔دورے کے دوران وزیر موصوفہ نے علاقے میں ایک اہم سڑک منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھا جس سے نندی مرگ اور اس سے ملحقہ دیہات میں آمدورفت بہتر ہوگی اور سماجی و اِقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا۔اِس موقعہ پرانہوں نے نندی مرگ اور آس پاس کے گائوںکے لئے کئی نئے ترقیاتی پروجیکٹوںکا بھی اعلان کیا۔