عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر انشل گرگ نے جمعہ کو پہلگام کے ہائیکرز پارک میں قائم تتکال رجسٹریشن کاؤنٹروں کا دورہ کیا اور شری امرناتھ جی یاترا 2026 کے لیے جاری رجسٹریشن عمل اور یاتریوں کے لیے کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتظامیہ شری امرناتھ جی یاترا کو محفوظ، منظم اور ہر ممکن حد تک سہولت بخش بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بڑی تعداد میں ایسے یاتری بھی پہلگام پہنچے ہیں جنہوں نے پیشگی رجسٹریشن نہیں کرائی، جس کے باعث تتکال رجسٹریشن مراکز پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔
صوبائی کمشنر نے غیر رجسٹرڈ یاتریوں سے ملاقات کی اور ان سے اپیل کی کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں، انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں اور اپنی باری کا انتظار کریں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مقررہ طریقہ کار اور دستیاب گنجائش کے مطابق ہر یاتری کو مقدس امرناتھ گھپا کے درشن کا موقع فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ کا عزم ہے کہ تمام عقیدت مندوں کے لیے شری امرناتھ جی یاترا کو محفوظ، پْرامن، منظم اور خوش اسلوبی کے ساتھ مکمل کرایا جائے تاکہ ہر یاتری بلا کسی دشواری کے اپنی مذہبی رسومات ادا کر سکے۔