عظمیٰ نیوز سروس
لیہہ//جموں و کشمیر بینک کے ایم ڈی و سی ای او امتھوا چٹرجی نے آج لیہہ میں ایک کسٹمر میٹ کی صدارت کی، جس میں ضلع بھر سے تعلق رکھنے والے مختلف صارفین، تاجروں اور کاروباری افراد نے شرکت کی اور بینک کی خدمات، مصنوعات اور آپریشنل معاملات سے متعلق اپنے قیمتی مشورے اور مسائل پیش کیے۔اجلاس میں زونل ہیڈ (لداخ)تسیوانگ ڈورجائی، ڈی جی ایم و بورڈ سیکرٹری محمد شفیع میر، ڈی جی ایم و اسپیشل سیکرٹری ٹو ایم ڈی تنویر حسین، کلسٹر ہیڈ تسیوانگ ڈورجے سمیت بینک کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔شرکا نے ایم ڈی و سی ای او کی جانب سے ذاتی طور پر لیہہ کا دورہ کرنے اور صارفین کے مسائل براہِ راست سننے کے اقدام کو سراہا۔ انہوں نے جے اینڈ کے بینک کو لداخ میں تجارت اور کاروبار کی لائف لائن قرار دیتے ہوئے کہا کہ بینک نے خطے کی تجارتی اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔صارفین نے بینک کی جانب سے 3 ٹریلین روپے کے مجموعی کاروبار کا تاریخی سنگ میل عبور کرنے پر قیادت کو مبارکباد بھی دی اور اعتماد ظاہر کیا کہ ادارہ آئندہ بھی خطے کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا۔جلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی و سی ای او امتھوا چٹرجی نے شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صارفین کی رائے بینک کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خدمات میں بہتری صرف اسی وقت ممکن ہے جب ہمیں اپنے صارفین کے تجربات اور مشکلات کا براہِ راست علم ہو۔انہوں نے صارفین سے اپیل کی کہ وہ بینک کی ڈیجیٹل سہولیات کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں تاکہ خدمات مزید تیز اور مثر بنائی جا سکیں۔