عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//صدرشری کیلاکھ جیوتش اینڈ ویدک سنستھان ٹرسٹ مہنت روہت شاستری نے کل لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا سے ملاقات کی اوریونین ٹیریٹری جموں و کشمیر میں سنسکرت زبان اور ویدک علوم کے تحفظ اور فروغ سے متعلق مختلف اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا۔اُنہوں نے شری ماتا ویشنو دیوی یونیورسٹی کٹرا میں سنسکرت فیکلٹی کی اَسامیوں کے قیام پر لیفٹیننٹ گورنر کا شکریہ بھی اَدا کیا۔ادھر آل کشمیر ہاؤس بوٹ اونرس ایسوسی ایشن کے ایک وفد جس کی قیادت چیئرمین منظور پختون کر رہے تھے، نے بھی منوج سِنہا سے ملاقات کی۔
وفد کے اراکین نے ہاؤس بوٹ سیکٹر سے وابستہ اَفراد کو درپیش مختلف اہم مسائل کو اُجاگر کیا جن میں دریائے جہلم پر چلنے والی ہاؤس بوٹوں کے مالکان کی فلاح و بہبود، کشمیر کی ہاؤس بوٹوں کو ہیرٹیج اثاثہ قرار دینے اور سری نگر ریلوے سٹیشن پر ہاؤس بوٹوں سے متعلق معلومات اور بُکنگ کاؤنٹر کے قیام جیسے مطالبات شامل تھے۔اس دوران گاندھی گلوبل فیملی کشمیر کے ایک وفد جس کی قیادت اس کے جموںوکشمیر صدر پدم شری ڈاکٹر ایس پی ورما کر رہے تھے ، نے لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی اور ’ منشیات کے استعمال سے نمٹنے میں ’نشہ مُکت جموں و کشمیر ابھیان ‘کے وسیع اثرات کی سراہنا کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے تنظیم کی سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے وفد کے اراکین پر زور دیا کہ وہ اَمن، فرقہ وارانہ ہم آہنگی، ماحولیاتی تحفظ، نوجوانوں اور خواتین کو بااِختیار بنانے کے لئے اَپنی مخلصانہ کوششیں اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھیں۔