عظمیٰ نیوز سروس
جموں//سالانہ امرناتھ یاترا کا آغاز جمعرات کو لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں کے بھگوتی نگر یاتری نواس سے یاتریوں کے پہلے جتھے کو بے مثال سیکورٹی انتظامات کے درمیان جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے یاترا کا افتتاح کرنے سے پہلے بیس کیمپ میں خصوصی دعا کی۔ ان کے ساتھ پولیس کے ڈائریکٹر جنرل نلین پربھات، قائد حزب اختلاف سنیل شرما، بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ جگل کشور شرما، سینئر سول اور پولیس حکام، قانون ساز اور مذہبی تنظیموں کے نمائندے شامل تھے۔اِس موقعہ پر انہوں نے یاترا پر جانے والے تمام یاتریوں کے لئے نیک خواہشات کا اِظہار کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،” امرناتھ یاترا ایک مقدس راستہ ہے جہاں عقیدت روحانی بیداری سے ملتی ہے، میں تمام عقیدت مندوں کے لیے ایک محفوظ، آرام دہ، خوشگوار اور روحانی طور پر مکمل سفر کی خواہش کرتا ہوں، دعا ہے کہ یہ مقدس یاترا سب کے لیے بے پناہ خوشی اور قلبی سکون کا ذریعہ بنے۔”
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر اِنتظامیہ، شرائین بورڈ، پولیس، فوج، سیکورٹی فورسز، مقامی کمیونٹی اور دیگر تمام شراکت داروں نے ملک اور بیرونِ ملک سے آنے والے یاتریوں کے لئے وسیع پیمانے پر اِنتظامات کئے ہیں۔4,800 سے زیادہ یاتری 259گاڑیوں میںپہلا قافلہ میں سفر کر رہے تھے، پہلگام اور بالتل میں واقع ننون کے جڑواں بیس کیمپوں کے لیے کثیر سطحی حفاظتی احاطہ میں روانہ ہوا۔ قافلہ جموں سے روانہ ہوتے ہی عقیدت مندوں نے مذہبی نعرے لگائے۔3,880 میٹر اونچے امرناتھ غار کی 57 روزہ یاترا باضابطہ طور پر جمعہ 3 جولائی کو ضلع اننت ناگ میں روایتی 48 کلومیٹر ننون-پہلگام راستے اور گاندربل ضلع میں 14 کلومیٹر طویل بالتل راستے سے شروع ہوگی۔ یہ یاترا 28 اگست کو اختتام پذیر ہونے والی ہے۔
حکام نے جموں و کشمیر بھر میں سیکورٹی کے وسیع انتظامات کئے ہیں، جس میں سیکورٹی اہلکاروں کی کثیر سطح پر تعیناتی، ٹیکنالوجی سے چلنے والی نگرانی، علاقے پر تسلط کی مشقیں اور جموں سرینگر قومی شاہراہ کے ساتھ یاتریوں کی محفوظ نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لیے ٹریفک کے انتظام کے سخت اقدامات شامل ہیں۔شاہراہ کے متعین حصوں پر 2 جولائی سے ٹریفک پابندیاں نافذ ہو گئی ہیں جو یاترا کے اختتام تک نافذ رہیں گی۔ روزانہ ٹریفک کے مشورے اور سیکٹر وار کٹ آف ٹائمنگ یاترا کے دوران گاڑیوں کی نقل و حرکت کو منظم کریں گے۔حکام نے بتایا کہ اس سال یاترا کے لیے 3.90 لاکھ سے زیادہ عقیدت مندوں نے رجسٹریشن کرائی ہے، جب کہ اہل یاتریوں کے لیے جموں میں موقع پر ہی رجسٹریشن کی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔جموں خطہ کو سالانہ یاترا کے پیش نظر ایک وسیع سیکورٹی گرڈ کے تحت رکھا گیا ہے۔ حکام نے یہ بات برقرار رکھی ہے کہ مقدس گھپا کی زیارت کرنے والے عقیدت مندوں کے لیے ایک محفوظ، ہموار اور پریشانی سے پاک یاترا کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے گئے ہیں۔