سمت بھارگو
راجوری// پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) نے جموں و کشمیر حکومت کے خلاف مبینہ بیک ڈور اور غیر قانونی تقرریوں کے معاملے پر منگل کے روز ضلع ہیڈکوارٹر راجوری میں زور دار احتجاجی مظاہرہ کیا۔ پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کی بڑی تعداد نے احتجاج میں شرکت کرتے ہوئے حکومت پر نوجوانوں کے مستقبل سے کھلواڑ کرنے کا الزام عائد کیا۔احتجاج کی قیادت پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے کی۔ مظاہرین نے ڈاک بنگلہ راجوری سے احتجاجی مارچ شروع کیا جو مختلف بازاروں سے گزرتا ہوا گوجر منڈی پر اختتام پذیر ہوا۔ اس دوران کارکنان نے حکومت مخالف نعرے بازی کرتے ہوئے مبینہ غیر قانونی بھرتیوں اور آؤٹ سورسنگ کے نام پر تقرریوں کے خلاف سخت ناراضگی ظاہر کی۔احتجاجی مظاہرے کے اختتام پر پارٹی وفد نے اسسٹنٹ کمشنر ریونیو راجوری کو ایک یادداشت پیش کی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ اس معاملے کو فوری طور پر جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر اور حکومت کی نوٹس میں لایا جائے تاکہ اس پر مناسب کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سابق ایم ایل اے راجوری ایڈوکیٹ قمر حسین نے کہا کہ موجودہ حکومت آؤٹ سورسنگ کے نام پر درپردہ سیاسی بنیادوں پر تقرریاں کر رہی ہے، جس سے پڑھے لکھے بے روزگار نوجوانوں میں شدید مایوسی پائی جا رہی ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت اپنے من پسند افراد اور پارٹی کارکنان کو فائدہ پہنچانے کے لئے میرٹ اور شفافیت کو نظر انداز کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے ہزاروں نوجوان سرکاری ملازمتوں کے انتظار میں برسوں سے محنت کر رہے ہیں لیکن حکومت میرٹ کی بنیاد پر بھرتیوں کے بجائے خفیہ طریقے سے تقرریاں انجام دے رہی ہے، جو نہ صرف غیر آئینی ہے بلکہ نوجوانوں کے حقوق پر ڈاکہ بھی ہے۔پی ڈی پی کے ترجمان ایڈوکیٹ تنظیم ڈار نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگر حکومت نے فوری طور پر اس عمل کو بند نہ کیا تو پارٹی عوام کو ساتھ لے کر بڑے پیمانے پر احتجاجی تحریک چلائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں میں آؤٹ سورسنگ کے نام پر کی جانے والی بھرتیوں کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات ہونی چاہئے تاکہ حقیقت عوام کے سامنے آ سکے۔پی ڈی پی ضلع صدر انجْم مرزا نے بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے وعدے صرف کاغذوں تک محدود رہ گئے ہیں جبکہ حقیقت میں سیاسی سفارش اور اقربا پروری کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ تمام تقرریاں جموں و کشمیر سروس سلیکشن بورڈ اور دیگر آئینی اداروں کے ذریعے شفاف انداز میں انجام دی جائیں۔احتجاج میں پارٹی کے متعدد سینئر رہنماؤں، کارکنان اور نوجوانوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت مخالف نعرے درج تھے۔ احتجاج کے دوران سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے تھے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹا جا سکے۔پی ڈی پی رہنماؤں نے آخر میں خبردار کیا کہ اگر حکومت نے مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کا سلسلہ بند نہ کیا اور اس معاملے کی آزادانہ تحقیقات نہ کروائی گئیں تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔