عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر اسٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی (ایس آئی اے) نے نرس سرلا بھٹ کے اغوا اور قتل کے 35 سال سے زیادہ عرصے کے بعد پیر کے روز ممنوعہ تنظیم جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے پانچ کارندوں کے خلاف چارج شیٹ دائر کر دی ہے، جس میں جیل میں بند اس کے سربراہ محمد یاسین ملک بھی شامل ہیں۔
شیرِ کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (اسکمس) میں نرس اور اننت ناگ کی رہائشی سرلا بھٹ (27) ان چند کشمیری پنڈتوں میں شامل تھیں، جنہوں نے 1990 میں عسکریت پسندی کے آغاز کے بعد بھی وادی میں رہنے کا فیصلہ کیا تھا۔
الزام ہے کہ 18 اپریل 1990 کو اسکمس سے جے کے ایل ایف کے عسکریت پسندوں نے انہیں اغوا کیا تھا اور انہیں الٰہی باغ-لال بازار علاقے میں لے گئے تھے، جہاں مبینہ طور پر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ پانچ دن بعد سرلا بھٹ کی گولیوں سے چھلنی لاش سرینگر کے ڈاؤن ٹاؤن سے برآمد ہوئی تھی، جس کے ساتھ ایک نوٹ بھی ملا تھا جس میں ان پر ‘مخبر’ ہونے کا الزام لگایا گیا تھا۔ حکام نے بتایا کہ یہ چارج شیٹ ایس آئی اے کی تفتیش کے دوران جمع کیے گئے ثبوتوں پر مبنی ہے۔ نامزد کیے گئے پانچ جے کے ایل ایف ارکان میں سے تین کی موت ہو چکی ہے، ایک حراست میں ہے اور ایک مفرور ہے۔
یاسین ملک کے علاوہ، جے کے ایل ایف کے سابق کمانڈر عبدالحمید شیخ، غلام محمد تاپلو، خورشید چالکو اور محمد یوسف عرف ادریس کے خلاف بھی چارج شیٹ دائر کی گئی ہے۔ایس آئی اے نے گزشتہ سال ایک معاملہ درج کیا تھا اور بعد میں ملک کی رہائش گاہ سمیت سرینگر میں آٹھ مقامات پر بیک وقت تلاشی لی تھی۔
نرس سرلا بھٹ قتل کیس میں جے کے ایل ایف کے پانچ ارکان کے خلاف چارج شیٹ دائر