عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر کے سابق صدر ریاست ڈاکٹر کرن سنگھ نے ہفتہ کے روز جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کرنے کے اپنے مطالبے کو دہراتے ہوئے کہا کہ مرکز نے پہلے ہی وعدہ کیا ہے اور اسے اپنا وعدہ پورا کرنا چاہئے۔ایس کے آئی سی سی میں بین المذاہب مکالمے کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے، ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ ریاست کی بحالی حکومت کی طرف سے یقین دہانی کے مطابق کی جانی چاہیے۔انہوں نے کہا”میرے خیال میں یہ ہونا چاہیے، حکومت نے بھی ریاست کی بحالی کا وعدہ کیا ہے، اور میں سمجھتا ہوں کہ یہ ہونا چاہیے،” ۔اس سے قبل بین المذاہب مکالمے سے خطاب کرتے ہوئے، ڈاکٹر سنگھ نے کشمیر کو “ہندوستان کا تاج” قرار دیا اور مہاتما گاندھی کے اس مشہور تبصرے کو یاد کیا کہ وادی نے تقسیم کے دور میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بقائے باہمی کی روایت کی وجہ سے “امید کی کرن” کی نمائندگی کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کو اپنی صدیوں پرانی فرقہ وارانہ ہم آہنگی، مشترکہ ثقافتی ورثے اور مذہبی بقائے باہمی کو برقرار رکھنا چاہیے، اور وادی کو ہندوستان کی تکثیری تہذیب کی ایک منفرد علامت کے طور پر بیان کیا ہے۔ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ بین المذاہب مکالمے کا مقصد ایک مذہب کی دوسرے پر برتری قائم کرنا نہیں ہے بلکہ مختلف مذہبی برادریوں کے درمیان باہمی افہام و تفہیم، احترام اور اعتماد کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے کہا”یہ شاسترتھ نہیں ہے، ہر مذہب کا اپنا فلسفہ اور اقدار ہیں، مقصد ایک دوسرے کو سمجھنا اور ہم آہنگی کو مضبوط کرنا ہے،” ۔ انہوں نے کہا کہ سچائی ایک ہے اگرچہ مختلف طریقوں سے ظاہر ہوتی ہے اور مختلف مذاہب بالآخر ایک ہی الہی کی طرف لے جاتے ہیں۔کشمیر کی روحانی اور فکری میراث پر روشنی ڈالتے ہوئے، ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ وادی کو ویدک روایات، بدھ مت، کشمیر شیو مت، لال دید کی تعلیمات اور صوفی سنتوں، بشمول شاہ ہمدانؒ اور شیخ نورالدین نورانی ؒکی شراکت سے تشکیل دیا گیا ہے، جن سب نے اس کی جامع ثقافت کو تقویت بخشی۔انہوں نے کشمیر میں ایک مستقل بین المذاہب ڈائیلاگ سنٹر کے قیام کی تجویز پیش کی تاکہ مختلف مذاہب کے درمیان تعلق کو ادارہ جاتی شکل دی جا سکے اور خطے کی پرامن بقائے باہمی کی دیرینہ روایت کو تقویت دی جا سکے۔