عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//26جون کومنشیات کے استعمال اور غیر قانونی سمگلنگ کیخلاف بین الاقوامی دن 2026 منایاگیا۔اس دن کیلئے اقوام متحدہ کے مقررکردہ موضوع’منشیات کا عالمی مسئلہ، مستقل مسائل، نئے چیلنجز، اختراعی ردعمل‘کی روشنی میں بھارت سمیت کئی ممالک میں تقریبات ،سیمناروں اور مباحثوں کااہتمام کیا۔ منشیات کے استعمال اور غیر قانونی سمگلنگ کیخلاف ہرسال عالمی دن 26 جون کو عالمی سطح پر منایا جاتا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنرنے منشیات کے خلاف ایک متحدہ اور پائیدار مہم چلانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے معاشرے کے ہر طبقے پر زور دیا کہ وہ نوجوان نسل کے تحفظ اور جموں و کشمیر کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے مل کر کام کریں۔منشیات کے استعمال اور اس کی ناجائز اسمگلنگ کیخلاف عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہانے کہاکہ منشیات سے پاک جموں و کشمیر کے وژن کے لیے اپنی انتظامیہ کے عزم کو دہرایا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ منشیات کیخلاف اس جنگ میں سرگرم عوامی شرکت، بیداری اور سماجی ذمہ داری کا ہونا انتہائی ضروری ہے۔لیفٹیننٹ گورنر کے دفتر کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ کے مطابق، یہ دن معاشرے سے منشیات کی بڑھتی ہوئی لعنت کو ختم کرنے کے لیے ہمارے اجتماعی عزم کو مزید مضبوط کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے اپنے پیغام میں کہا کہ منشیات کے استعمال اور اس کی ناجائز اسمگلنگ کیخلاف عالمی دن کے موقع پر، آئیے ہم اپنے نوجوانوں کے تحفظ اور منشیات سے پاک جموں و کشمیر کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کریں۔