عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//عوامی اتحاد پارٹی کے بیان کے مطابق جمعہ کے روز پارٹی کے نچلی سطح کے کارکنوں کے درمیان دو روزہ خفیہ رائے شماری کے نتائج کا انکشاف کیا کہ آیا جیل میں بند ممبر پارلیمنٹ انجینئررشید کو پارلیمنٹ سے استعفیٰ دینا چاہئے۔ آزاد مبصرین کی نگرانی میں ہونے والی مشق میں استعفیٰ کے خلاف بھاری ووٹ دیکھنے میں آئے۔ سماجی کارکن پرویز احمدبٹ اور اعجاز یوسف شاہ، جنہوں نے اس عمل کی نگرانی کی، کہا کہ ان کی “AIP سے کوئی سیاسی وابستگی نہیں ہے” اور ان کا کردار “آزادانہ اور منصفانہ انتخابات” کو یقینی بنانے تک محدود تھا۔ یہ بات چیت 25 جون سے 26 جون 2026 تک 12 میٹنگوں میں ہوئی جس میں بارہمولہ پارلیمانی حلقہ کے تمام 18 اسمبلی حلقوں کے نمائندے شامل تھے۔ 773 شرکاء میں سے 746 نے استعفیٰ کے خیال کے خلاف ووٹ دیا، 24 نے حق میں ووٹ دیا اور 3 غیر فیصلہ کن تھے۔ رائے شماری کے بعد، اے آئی پی کی ورکنگ کمیٹی کا اجلاس سینئر نائب صدر جی این شاہین کی سربراہی میں ہوا۔ اے آئی پی نے کہا کہ بیلٹ کے نتائج سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ “نہ صرف شمالی کشمیر کے لوگ بلکہ پورے جموں و کشمیر کے لوگ چاہتے ہیں کہ انجینئر رشید پارلیمنٹ میں موجود ہوں کیونکہ تہاڑ جیل میں ان کا ہر منٹ 140 کروڑ ہندوستانیوں کو کشمیر کی جائز آوازوں کو سننے میں ناکامی کی یاد دلاتا ہے۔پارٹی نے الزام لگایا کہ انجئینئر کے خلاف مقدمہ “اسے جموں و کشمیر کے لوگوں سے دور رکھنے کا ایک حربہ ہے۔بیان میں کہا گیا کہ AIP اپنی قانونی ٹیم کے ذریعے کیڈرز کی رائے انجینئر رشید تک پہنچائے گا اور ان سے “عام عوام کے جذبات کا احترام کرنے” کی درخواست کرے گا، حالانکہ “آخری کال” ان کے پاس ہے۔