عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/فوج کے سربراہ جنرل اوپیندر دویدی نے جمعہ کو لداخ کے دورے کے دوران لیہ میں واقع راج نواس میں مرکز کے زیرِ انتظام علاقے لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ سے ملاقات کی۔
آرمی چیف کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب فوج کی جانب سے اسٹریٹجک اہمیت کے حامل سرحدی علاقوں میں آپریشنل تیاری برقرار رکھنے اور سول انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطے کو مزید مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر بتایا کہ ملاقات کے دوران سول اور فوجی اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم بنانے، مرکز کے زیرِ انتظام علاقے کی انتظامیہ اور مسلح افواج کے درمیان بہتر تال میل پیدا کرنے اور لداخ میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے مشترکہ اقدامات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ گفتگو میں اگنی ویر اسکیم کے تحت خدمات انجام دینے والے نوجوانوں کو مدتِ ملازمت مکمل ہونے کے بعد لداخ کی انتظامیہ میں دوبارہ روزگار فراہم کرنے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا، تاکہ ان کی صلاحیتوں سے سول انتظامیہ میں بھی فائدہ اٹھایا جا سکے۔لیفٹیننٹ گورنر کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں امن، استحکام، ترقی اور عوامی مفاد کے لیے سول انتظامیہ اور فوج کے درمیان مضبوط اشتراکِ عمل ناگزیر ہے۔واضح رہے کہ جنرل اوپیندر دویدی نے جون 2024 میں ہندوستانی فوج کے سربراہ کا عہدہ سنبھالا تھا، جبکہ ان کی موجودہ مدتِ ملازمت 30 جون 2026 کو مکمل ہونے والی ہے۔
آرمی چیف جنرل اوپیندر دویدی کی لیہہ میں لیفٹیننٹ گورنر لداخ سے ملاقات