عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کی جانب سے 25 ہزار مبینہ بے ضابطہ تقرریوں کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن لوگوں نے ماضی میں سب سے زیادہ بیک ڈور بھرتیاں کیں، آج وہی ایسے الزامات لگا رہے ہیں، جو سراسر منافقت ہے۔
جڈی بل میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ “الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے” والی کہاوت اس موقع پر بالکل درست بیٹھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کے دورِ حکومت میں ہونے والی متعدد بیک ڈور تقرریاں عدالتوں نے منسوخ کی تھیں، کیا اب انہیں بھلا دیا جائے؟
وزیر اعلیٰ نے الزام عائد کیا کہ محبوبہ مفتی کے قریبی رشتہ دار بھی غیر قانونی بھرتیوں سے فائدہ اٹھا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرتاج مدنی کے بیٹے کی تقرری بھی بیک ڈور طریقے سے ہوئی تھی، جسے بعد میں عدالت کی ہدایت پر منسوخ کر دیا گیا۔
عمر عبداللہ نے جموں و کشمیر بینک میں ہونے والی مبینہ بے ضابطہ تقرریوں کا بھی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان میں سے کئی معاملات آج بھی تحقیقاتی ایجنسیوں کے زیرِ تفتیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ پی ڈی پی-بی جے پی حکومت کے دوران ہونے والی تمام بیک ڈور بھرتیوں کی فہرست بیان کرنا شروع کریں تو سننے والوں کے پاس اتنا وقت نہیں ہوگا۔
انہوں نے محبوبہ مفتی کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اگر موجودہ حکومت میں ایک بھی بیک ڈور تقرری کا ثبوت پیش کیا جائے تو حکومت مکمل حقائق عوام کے سامنے رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت بے بنیاد الزامات کا جواب دینے میں وقت ضائع نہیں کرے گی۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ حکومت نے اس معاملے سے متعلق تمام معلومات جمع کر لی ہیں اور امید ظاہر کی کہ آئندہ ایک یا دو روز میں کابینہ کے دو سینئر وزراء پریس کانفرنس کرکے تمام حقائق عوام کے سامنے پیش کریں گے۔
دریں اثنا، عمر عبداللہ نے محرم الحرام کے موقع پر عاشورہ کے جلوس کو اس کے روایتی راستے پر مکمل طور پر بحال کیے جانے کی امید ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس سلسلے میں اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ کی عظیم قربانی اور اس سے ملنے والے اسباق پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ جب تک ہم ان تعلیمات کو یاد رکھیں گے، ہماری بہتری اسی میں ہے، لیکن جب ہم ان سے غفلت برتتے ہیں تو تباہی اور بربادی ہمارا مقدر بن جاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے ماضی میں بھی عاشورہ جلوس کو تاریخی راستے پر بحال کرنے کی کئی کوششیں کیں، اگرچہ مکمل کامیابی حاصل نہ ہو سکی، تاہم مستقبل میں بھی یہ کوششیں جاری رہیں گی۔
محبوبہ مفتی کا الزام منافقت سے بھرپور، سب سے زیادہ غیر قانونی بھرتیاں پی ڈی پی دور حکومت میں ہوئیں: عمر عبداللہ