عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/صوبائی کمشنر کشمیر انشول گرگ نے بدھ کے روز کہا کہ وادی کشمیر میں محرم الحرام کی پرامن اور منظم ادائیگی کو یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ اور تمام متعلقہ فریقین قریبی رابطے اور ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتظامات ایسے وقت میں کیے جا رہے ہیں جب وادی سالانہ شری امرناتھ جی یاترا کی تیاریوں اور سیاحوں کی بڑھتی ہوئی آمد کا بھی سامنا کر رہی ہے۔
8 محرم کے جلوس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انشول گارگ نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر اور وزیر اعلیٰ کی ہدایات پر محرم کے جلوسوں اور مجالس کے لیے وسیع پیمانے پر انتظامات کیے گئے ہیں۔ ضلع انتظامیہ، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کی ٹیمیں جلوسوں کے راستوں پر تعینات کی گئی ہیں تاکہ عزاداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ مختلف اضلاع میں محرم کمیٹیوں اور دیگر متعلقہ فریقین کے ساتھ تفصیلی مشاورت کے بعد یکم، 8 اور 10 محرم سمیت اہم ایام کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔
انشول گرگ کے مطابق تمام جلوسی راستوں پر مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور فوری ردعمل دینے والی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے اور عزاداروں کو سہولت فراہم ہو۔
انہوں نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپیل کی کہ لوگ ضلع انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات اور اجازت ناموں کی مکمل پابندی کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ محرم کی تقریبات تقریباً 40 سے 50 دن تک جاری رہتی ہیں، اس لیے تمام فریقین کی اجتماعی ذمہ داری اور تعاون انتہائی اہم ہے۔
صوبائی کمشنر نے کہا کہ محرم، سالانہ امرناتھ یاترا اور جاری سیاحتی سیزن ایک ہی وقت میں منعقد ہو رہے ہیں، لہٰذا انتظامیہ، میڈیا، رضاکاروں اور عوام کو مل کر تمام سرگرمیوں کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانا ہوگا۔
انہوں نے لوگوں سے ٹریفک منصوبہ بندی میں تعاون کرنے، آنے والے یاتریوں اور سیاحوں کا خیر مقدم کرنے اور ضرورت پڑنے پر اپنی تجاویز و آراء ضلع انتظامیہ تک پہنچانے کی اپیل کی۔
انشول گرگ نے کہا کہ انتظامیہ کی اولین ترجیح تمام محرم جلوسوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سال امرناتھ یاترا کی تیاریوں کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے اور امید ظاہر کی کہ زیادہ تعداد میں عقیدت مند یاترا میں شرکت کریں گے اور یہ یاترا کامیابی کے ساتھ مکمل ہوگی۔
انہوں نے کشمیر کی پرامن روایات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوامی تعاون ہی وہ سب سے اہم عنصر ہے جو محرم کی تقریبات، امرناتھ یاترا اور دیگر سرگرمیوں کے کامیاب اور پُرامن انعقاد کو یقینی بنا سکتا ہے۔
محرم، امرناتھ یاترا اور سیاحتی سیزن کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے انتظامیہ اور تمام متعلقہ فریقین باہمی تال میل سے کام کر رہے ہیں: گرگ