عظمیٰ ویب ڈیسک
گاندربل/پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ نے گاندربل کے تولہ مولہ میں واقع کھیر بھوانی مندر کا دورہ کیا اور سالانہ میلہ کے موقع پر حاضری دی۔میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے میلہ میں کشمیری پنڈت برادری کی بڑی تعداد میں شرکت پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری پنڈت بھائیوں اور بہنوں کو یہاں آتے دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی ہے اور انہیں ماضی کے تلخ واقعات کو بھلا کر مستقبل کی جانب دیکھنا چاہیے۔
محبوبہ مفتی نے کہا کہ نوجوان کشمیری پنڈت ڈاکٹروں کو کشمیر آکر یہاں کے لوگوں سے دوبارہ رابطہ قائم کرنا چاہیے۔ انہوں نے معروف ڈاکٹروں، جن میںڈاکٹر ،ڈاکٹر اوپیندرا کول اورسوشیل رازدان شامل ہیں، سے اپیل کی کہ وہ کشمیر آئیں اور اپنے لوگوں کے ساتھ دوبارہ جڑیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر حکومت کو کشمیری پنڈتوں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کرنی چاہئیں تاکہ ان کی واپسی اور آبادکاری کے عمل کو مزید آسان بنایا جا سکے۔
پی ڈی پی صدر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی دیرینہ بھائی چارے کی روایت کو برقرار رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عناصر جو کشمیری پنڈتوں کی مشکلات کو اپنے سیاسی مفادات کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں، انہیں نظرانداز کیا جانا چاہیے۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ کشمیری پنڈتوں اور مسلمانوں کے درمیان محبت، اعتماد اور بھائی چارے کے رشتوں کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے تاکہ ایک پرامن اور خوشحال مستقبل کی بنیاد رکھی جا سکے۔