فیاض بخاری
بارہمولہ//جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر سید درخشاں اندرابی نے سنیچر کو خانپورہ بارہمولہ میں واقع عظیم روحانی مرکز حضرت سید جانباز ولیؒ کے آستان عالیہ کا دورہ کیا اور محکمہ آرکائیوز، آثارِ قدیمہ و عجائب گھر جموں و کشمیر کے زیرِ اہتمام جاری ورثہ بحالی اور تحفظاتی منصوبے کا موقع پر جائزہ لیا۔عوام نے اس معاملے میں ڈاکٹر درخشاں اندرابی کی ذاتی مداخلت کی اپیل کی تھی تاکہ درگاہ کی مکمل بحالی اور تعمیر نو کو یقینی بنایا جا سکے۔
تفصیلی معائنہ اور عوامی جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے اعلان کیا کہ درگاہ کے مرکزی حصے (سنکٹم) سمیت منصوبے کے تمام باقی ماندہ حصوں کی ازسرِ نو تعمیر، بحالی اور دیگر ضروری ترقیاتی و تحفظاتی کام جموں و کشمیر وقف بورڈ فوری طور پر اپنے ہاتھ میں لے گا۔ڈاکٹر اندرابی نے کہا کہ حضرت سید جانباز ولیؒ کا یہ مقدس آستانہ خطے کے روحانی ورثے کا ایک اہم حصہ ہے اور اس کے تحفظ و ترقی کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔اس سے قبل ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے ضلع ترقیاتی کمشنر دفتر بارہمولہ میں منصوبے کے حوالے سے ایک تفصیلی جائزہ اجلاس کی صدارت بھی کی۔ جس میں درگاہ کے تحفظ، بحالی اور تعمیر نو سے متعلق مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا اور منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے ضروری اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔