عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی //ضلع ریاسی میں امن و امان کی صورتحال کو مزید مستحکم بنانے کے مقصد سے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس، ادھم پور۔ریاسی رینج شیو کمار شرما نے ضلع کے مختلف اہم اور حساس مقامات کا دورہ کرکے سیکورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے مختلف مقامات پر کوآرڈی نیشن میٹنگوں کی صدارت بھی کی تاکہ پولیس، نیم فوجی دستوں اور دیگر متعلقہ ایجنسیوں کے درمیان تال میل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔یہ سیکورٹی جائزہ میٹنگیں کالی دھار، بھمبلا،شیو کھوڑی شرائن اور رنسو کے علاقوں میں منعقد کی گئیں۔
ان دوروں کا مقصد آنے والی یاتراؤں اور مذہبی سرگرمیوں کے پیش نظر حفاظتی تیاریوں کا معائنہ اور مختلف ایجنسیوں کے درمیان بہتر ہم آہنگی پیدا کرنا تھا۔کالیدھار مندر میں منعقدہ سیکورٹی میٹنگ کے دوران ڈی آئی جی نے بالخصوص کلیدھار یاترا کے تناظر میں موجودہ حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر پولیس اور متعلقہ اداروں کی تیاریوں کا معائنہ کیا گیا جبکہ افسر نے سول سوسائٹی کے نمائندوں اور مقامی لوگوں سے بھی بات چیت کی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی یا غیر معمولی نقل و حرکت کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔بعد ازاں بھمبلا کے مقام پر بھی ایک اہم سیکورٹی ریویو میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی ایس پی آپریشنز پونی، ایس ایچ او پونی، انچارج پولیس پوسٹ بھمبلا اور سی آر پی ایف کے افسران نے شرکت کی۔ میٹنگ کے دوران مجموعی سیکورٹی صورتحال، بین الا دارہ جاتی رابطہ اور حساس علاقوں کی نگرانی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈی آئی جی شیو کمار شرما نے مقامی باشندوں سے بھی ملاقات کی اور امن و امان برقرار رکھنے میں عوامی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ادھر مشہور مذہبی مقام شیو کھوڑی شرائن میں بھی ایک جامع سیکورٹی جائزہ میٹنگ منعقد کی گئی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ایس پی ریاسی افتخار احمد، ڈپٹی ایس پی آپریشنز پونی، ایس ایچ او رنسو، انچارج پی پی شیو کھوڑی اور سی اے پی ایف کے افسران بھی موجود تھے۔ ڈی آئی جی نے شرائن کے اطراف جاری ہیلی پیڈ تعمیراتی کام، سنٹری پوسٹس، حفاظتی باڑ بندی اور دیگر سیکورٹی انتظامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے یاتریوں کی حفاظت اور سہولت کو یقینی بنانے کے لیے مزید مؤثر اقدامات کی ہدایت دی۔ڈی آئی جی نے مختلف سیکورٹی ایجنسیوں اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطہ میٹنگیں بھی کیں تاکہ یاترا کے دوران ہجوم کے بہتر انتظام، ٹریفک کنٹرول اور سیکورٹی کو مؤثر انداز میں یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تعاون اور بروقت اطلاعات امن و سلامتی برقرار رکھنے میں انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے مقامی لوگوں کے تعاون کو سراہتے ہوئے تمام اداروں کے درمیان مسلسل رابطہ اور ہم آہنگی پر زور دیا تاکہ ضلع میں محفوظ اور پْرامن ماحول برقرار رکھا جا سکے۔