عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//بین الاقوامی یومِ یوگا (آئی وائی ڈی) کے موقع پر 21 جون کو جموں و کشمیر اور لداخ میں بڑے پیمانے پر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سرینگر میں منعقد ہونے والی تقریب میں شرکت کریں گے۔حکام کے مطابق جموں و کشمیر کے تمام اضلاع، تحصیلوں اور دیگر مقامات پر بھی یوگا ڈے کے خصوصی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ فوج، نیم فوجی دستے، جموں و کشمیر پولیس اور سول انتظامیہ مختلف تقریبات کے ذریعے اس دن کی اہمیت کو اجاگر کریں گے۔نائب صدر سی پی رادھا کرشنن لداخ کے دورے کے دوران لہہ میں منعقد ہونے والی مرکزی تقریب میں شرکت کریں گے۔
نائب صدر لہہ میں نوجوانوں، مسلح افواج کے اہلکاروں اور مختلف سماجی تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ اجتماعی یوگا سیشن میں شرکت کریں گے، جس کا مقصد صحت مند طرزِ زندگی اور ذہنی سکون کے پیغام کو فروغ دینا ہے۔حکام نے بتایا کہ رواں برس بین الاقوامی یومِ یوگا کا موضوع ”صحت مند بڑھاپے کے لیے یوگا” رکھا گیا ہے، جو جسمانی صحت، ذہنی استحکام اور جذباتی توازن کے فروغ میں یوگا کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔