عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر برائے تعلیم ، سماجی بہبود ، صحت اور طبی تعلیم سکینہ ایتو نے کل ضلع پلوامہ میں امیونائزیشن سنٹر /ہسپتال گراؤنڈ کوئل میں عوامی شکایات ، ترقیاتی خدشات اور لوگوں کی امنگوں کو سْننے کیلئے ایک عوامی دربار منعقد کیا۔متعدد وفود اور افراد نے عوامی مسائل اور ترقیاتی مطالبات کی ایک وسیع رینج پیش کی اور اپنے تحفظات کو اجاگر کرتے ہوئے میمورنڈم پیش کیا۔اٹھائے گئے مسائل میں صحت کی سہولیات کی مضبوطی ، تعلیمی انفراسٹرکچر کی بہتری ، کھیلوں کی سہولیات میں اضافہ ، آبپاشی اور صفائی ستھرائی سے متعلق امور ، عوامی سہولیات کی اپ گریڈیشن اور صحت اور تعلیمی اداروں میں مناسب عملے کی تعیناتی شامل ہیں۔ وزیر نے تمام خدشات کو غور سے سْنا اور متعلقہ افسران کو حقیقی شکایات کے فوری ازالے کیلئے موقع پر ہی ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے ذمہ دار حکمرانی کی ضرورت پر زور دیا اور افسران کو ہدایت دی کہ وہ عوامی مسائل کو مربوط اور وقت پر حل کرنے کیلئے فوری اقدامات اٹھائیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم ایل اے پامپور حسنین مسعودی نے عوامی رابطہ پروگرام منعقد کرنے کیلئے وزیر کا شکریہ ادا کیا ۔بعد میں وزیر نے این ٹی پی ایچ سی کوئل میں ڈینٹل چئیر کی سہولت کا افتتاح کیا جس کا مقصد علاقے میں دانتوں کی دیکھ بھال کی خدمات کو مضبوط بنانا ہے۔