عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// لداخ میں اب سنگل یوز (ایک بار استعمال ہونے والی) پلاسٹک اشیاء کے استعمال یا فروخت اور عوامی مقامات پر گندگی پھیلانے پر سخت جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر ونئے کمار سکسینہ نے پورے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں مخصوص سنگل یوز پلاسٹک اشیاء پر سخت پابندی عائد کرنے کا حکم دیا ہے۔خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی فرد، تجارتی ادارے، ہوٹل یا کھانے پینے کی جگہ پر 10 ہزار روپیماحولیاتی جرمانہ عائد کیا جائے گا، جبکہ عوامی مقامات پر گندگی پھیلانے پر 5 ہزار روپے جرمانہ وصول کیا جائے گا۔اس کے علاوہ لہہ ہوائی اڈے اور لداخ میں داخلے کے مختلف مقامات پر سنگل یوز پلاسٹک کی موجودگی کی جانچ کے لیے اچانک تلاشی مہم بھی چلائی جائے گی۔منظور شدہ ضابطے کے تحت شناخت شدہ تمام سنگل یوز پلاسٹک اشیاء کے استعمال، فروخت، ذخیرہ، تقسیم، نقل و حمل اور فراہمی پر پابندی ہوگی۔ ان اشیاء میں پلاسٹک کے چمچ، کانٹے، کپ، پلیٹیں، اسٹراء ، ٹرے، ریپنگ فلم، تھرموکول کی سجاوٹی اشیاء ، پلاسٹک کے جھنڈے، پلاسٹک اسٹرر اور مقررہ معیار سے کم موٹائی والے پلاسٹک بینرز شامل ہیں۔موثر نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے لیفٹیننٹ گورنر نے پہلی بار ضلعی اور مقامی سطح کے مختلف حکام کو یہ اختیار بھی دیا ہے کہ وہ معائنہ کریں، خلاف ورزیوں کی نشاندہی کریں، چالان جاری کریں اور جرمانے وصول کریں۔