عظمیٰ ویب ڈیسک
کشتواڑ/جموں و کشمیر پولیس نے جمعہ کے روز کہا کہ ضلع کشتواڑ میں دو افراد کو مبینہ طور پر ملی ٹینٹوں کی مدد اور معاونت فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے، جن میں محکمہ جنگلات کا ایک ملازم بھی شامل ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ گرفتاریاں پولیس اسٹیشن کشتواڑ میں درج ایک مقدمے کی تحقیقات کے دوران عمل میں لائی گئیں، جو بھارتیہ نیایا سنہتا (بی این ایس)، غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ (یو اے پی اے) اور آرمز ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
گرفتار شدگان کی شناخت طارق احمد گنوجو محکمہ جنگلات میں سرکاری ملازم ہیں، اور محمد اقبال کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں کا تعلق ضلع کشتواڑ کے دچھن علاقے کے ٹنڈر گاؤں سے بتایا جاتا ہے۔پولیس کے مطابق دونوں افراد مبینہ طور پر مقامی ملی ٹینٹوں کو سہولت فراہم کرنے اور ان کی معاونت میں ملوث تھے۔ اس سے قبل اسی مقدمے کے سلسلے میں چھاترو علاقے کے دو دیگر افراد کو بھی گرفتار کیا جا چکا ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کشتواڑ نریش سنگھ نے بتایا کہ گرفتاریاں تفصیلی تحقیقات کے بعد عمل میں لائی گئیں اور اس نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ معاملے کی تحقیقات بدستور جاری ہیں اور جو بھی شخص اس کیس میں ملوث پایا گیا، اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
کشتواڑ میں ملی ٹینٹوں کی مبینہ مددکے الزام میں دو افراد گرفتار