عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جولائی سے شروع ہونے والی مقدس شری امرناتھ یاترا 2026 کے پیش نظر جموں و کشمیر میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں ممکنہ خطرات کے مدنظر جموں و کشمیر کے تمام اہم ریلوے اسٹیشنوں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے، جبکہ یاتریوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے، اسی سلسلے میں جموں ریلوے اسٹیشن پر ایک جامع سکیورٹی موک ڈرل کا انعقاد کیا گیا۔
جس میں جموں و کشمیر پولیس ریلوے پولیس (جی آر پی)، ریلوے پروٹیکشن فورس اور سینٹرل انڈسٹریل سکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے شرکت کی موک ڈرل کے دوران مشتبہ اشیاء کی نشاندہی، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور مسافروں کے تحفظ سے متعلق مختلف پہلوؤں کا عملی جائزہ لیا۔
سکیورٹی مشق کے دوران بم ڈٹیکشن آلات، میٹل ڈٹیکٹرز اور ڈاگ اسکواڈ کی مدد سے مسافروں اور ان کے سامان کی باریک بینی سے تلاشی لی گئی اس کے علاوہ اسٹیشن کے مختلف حصوں میں نگرانی کے نظام، ہجوم کو قابو میں رکھنے کی حکمت عملی اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی صورت میں فوری کارروائی کے طریقہ کار کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ریلوے کے سینئر ڈویژنل کمرشل منیجر اوچت سنگھل نے کہا کہ امرناتھ یاتریوں کی حفاظت کے پیش نظر تمام ضروری تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آر پی ایف کی اضافی نفری تعینات کی جا رہی ہے اور جی آر پی و سی آئی ایس ایف کے اشتراک سے ریلوے انتظامیہ یاتریوں کے لیے محفوظ اور خوشگوار سفر کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر ایک حساس خطہ ہے، اس لیے سکیورٹی کے ہر پہلو پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے بتادین کہ امسال شری امرناتھ یاترا 3 جولائی سے شروع ہو کر 28 اگست تک جاری رہے گی۔ لاکھوں عقیدت مندوں کی متوقع آمد کے پیش نظر یاترا روٹس، بیس کیمپوں، ریلوے اسٹیشنوں، بس اڈوں اور دیگر حساس مقامات پر کثیر سطحی حفاظتی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔