یواین آئی
نئی دہلی/ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) آئی پی ایل 2027 کا آغاز معمول سے پہلے کرنے پر غور کر رہا ہے تاکہ شدید گرمی اور پری مون سون موسم کے اثرات سے بچا جا سکے ۔بی سی سی آئی کے سکریٹری دیواجیت سیکیا نے کہا کہ بورڈ اور آئی پی ایل گورننگ کونسل کے درمیان اس بات پر تبادلہ خیال جاری ہے کہ ٹورنامنٹ کو مارچ کے آخر کے بجائے 10 مارچ کے آس پاس شروع کیا جائے اور 15 مئی تک مکمل کر لیا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ مئی کے دوسرے نصف میں شدید گرمی اور بعض علاقوں میں بارش کے آغاز کے باعث کھلاڑیوں اور شائقین دونوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ اسی لیے کوشش کی جا رہی ہے کہ آئی پی ایل 2027، جو ٹورنامنٹ کا 20واں ایڈیشن ہوگا، موسم کی خرابی سے پہلے ہی اختتام پذیر ہو جائے ۔مسٹر سیکیا کے مطابق انہیں کھلاڑیوں اور شائقین دونوں کی جانب سے شدید گرمی میں میچوں کے انعقاد پر شکایات موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر کھلاڑی اتنے گرم موسم میں کھیلنے کا عادی نہیں ہوتا، اس لیے بہتر ماحول فراہم کرنا بی سی سی آئی کی ترجیح ہے ۔انہوں نے بتایا کہ بورڈ نے جنرل منیجر ابے کوروویلا کو بھی ممکنہ شیڈول اور ونڈوز کا جائزہ لینے کی ہدایت دی ہے تاکہ آئندہ سیزن کے لیے نیا شیڈول مرتب کیا جا سکے ۔