رمیش کیسر
راجوری// لمبیڑی میں پولیس نے منشیات کے خلاف اپنی مہم جاری رکھتے ہوئے ایک نوجوان کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے ہیروئن برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس نے ملزم کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار شدہ نوجوان کی شناخت عزیز احمد ولد محمد شریف ساکن سرنکوٹ، حال وارڈ نمبر 10 راجوری کے طور پر ہوئی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ مذکورہ نوجوان سندر بنی کی جانب سے ایک گاڑی میں سفر کر رہا تھا، جس دوران لمبیڑی پولیس نے معمول کی چیکنگ کے دوران گاڑی کو روک کر تلاشی لی۔تلاشی کے دوران پولیس نے نوجوان کے قبضے سے تقریباً 316 گرام ہیروئن برآمد کی، جس کے بعد اسے موقع پر ہی حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس نے برآمد شدہ منشیات کو ضبط کرتے ہوئے ملزم کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔پولیس حکام نے بتایا کہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ برآمد شدہ منشیات کہاں سے لائی گئی تھی اور اس نیٹ ورک میں مزید کون لوگ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں مستقبل میں بھی سختی سے جاری رہیں گی۔مقامی لوگوں نے پولیس کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے نوجوان نسل کو منشیات سے بچانے کے لیے مزید سخت اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔