عظمیٰ نیوزسروس
جموں //بی جے پی جموں و کشمیر کے صدر اور راجیہ سبھا کے رکن ست شرما،ممبر اسمبلی باہو وکرم رندھاوا کے ہمراہ، چھنی ہمت، جموں میں ڈوگرہ کلچرل ہارمنی اینڈ امپاورمنٹ انسٹیٹیوشن کا افتتاح کیا۔ یہ ادارہ پرمیشوری کیئر اینڈ کیور چیریٹیبل ٹرسٹ کے زیرِ اہتمام قائم کیا گیا ہے، جس کا مقصد رضاکارانہ سماجی خدمات فراہم کرنا اور ڈوگرہ ثقافتی اقدار کو فروغ دینا ہے۔یہ ادارہ ذہنی دباؤ اور بے چینی کے انتظام، خاندانی اور تعلقاتی کونسلنگ، بزرگ شہریوں کی فلاح، منشیات سے نجات، کیریئر رہنمائی اور تعلیمی مشاورت جیسے شعبوں میں خدمات فراہم کرے گا۔
اس کے علاوہ موسیقی اور ثقافتی سرگرمیوں کی تربیت بھی دی جائے گی تاکہ صلاحیتوں کو نکھارا جا سکے اور ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھا جا سکے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ست شرما نے ٹرسٹ کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ اس طرح کے اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تیز رفتار سماجی تبدیلیوں، بڑھتے ہوئے ذہنی دباؤ اور سماجی چیلنجز کے پیش نظر ایسے کمیونٹی ادارے ناگزیر ہیں جو ہر طبقے کے لوگوں کو رہنمائی، مشاورت اور تعاون فراہم کر سکیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ یہ ادارہ سماجی بااختیاری، ثقافتی تحفظ اور عوامی فلاح کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔