سرکاری دفاتر میں انہیں کھڑا نہ رکھا جائے، ان کیلئے کرسی کا اِنتظام ہو، پانی پیش کیا جائے اورعزت سے بات کی جائے:سکینہ ایتو
جموں//ڈائریکٹوریٹ آف سوشل ویلفیئر جموں نے ٹی آر سی جموں میں ڈے کیئر سینٹرجموں کی ایک شاندار تقریب کا اِنعقاد کیا جس میں بزرگ شہریوں کی عزت افزائی کی گئی اور معاشرے کے لئے ان کی زندگی بھر کی خدمات کو سراہا گیا۔وزیر برائے سماجی بہبود اور تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتو نے بطورِ مہمان خصوسی تقریب کی صدارت کی۔ پروگرام کے آغاز میں ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر جموں نے خطبہ اِستقبالیہ پیش کیا۔سکینہ اِیتو نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بزرگ شہری اَپنی زندگی خاندان اور معاشرے کی تعمیر، بچوں کی تعلیم اور اثاثے بنانے میں وقف کر دیتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا’’یہ بد قسمتی کی بات ہے کہ ہمیں اولڈ ایج ہومز کی ضرورت ہے۔ ہماری اِجتماعی ذِمہ داری ہے کہ بزرگوں کو ان کے اپنے گھروں میں ہی عزت اور وقار ملے‘‘۔اُنہوں نے سینٹرکی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ موجودہ انتظامات جیسے ایک اے سی، ایک ٹریڈمل اور چھوٹے تحائف ‘ناکافی‘ ہیں۔ اُنہوں نے ضلعی آفیسر کو اسی وقت ہدایت دی کہ دو اضافی کمرے ،ایک اچھی لائبریری کے لئے اور دوسرا تفریحی سرگرمیوں کے لئے مختص کئے جائیں تاکہ بزرگ شہریوں کی ذہنی اور جسمانی صحت یقینی بنائی جا سکے۔وزیر موصوفہ نے فنڈز سے متعلق مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سینٹرکے لئے موجودہ سالانہ بجٹ پانچ لاکھ روپے بڑھتی ہوئی لاگت کے پیش نظر ناکافی ہے۔ اُنہوں نے یقین دِلایا کہ آئندہ مالی برس میں مختص رقم کو بڑھانے کی کوشش کی جائے گی۔
اُنہوں نے تمام اَفسران کوواضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا’’جہاں بھی کوئی بزرگ شہری جائے، خواہ وہ سرکاری دفتر ہو، عوامی ٹرانسپورٹ یا کوئی اور مقام، اس کے ساتھ اِنتہائی عزت و احترام کا برتاؤ کیا جانا چاہیے۔ یہ ہماری اوّلین ترجیح ہونی چاہیے۔ سرکاری دفاتر میں انہیں کھڑا نہ رکھا جائے، ان کے لئے کرسی کا اِنتظام ہو، پانی پیش کیا جائے اور عزت و وقار کے ساتھ بات کی جائے۔ یہ ان کا حق ہے، کوئی احسان نہیںکیوں کہ اُنہوں نے اَپنی پوری زندگی جموں و کشمیر کی خدمت میں گزاری ہے‘‘۔سکینہ اِیتو نے مزید کہا کہ بزرگ شہریوں کی دانشمندی اور تجربہ بے حد قیمتی ہے اور وہ ذاتی طور پر اولڈ ایج ہومز کا دورہ کرکے وہاں مقیم افراد سے ملاقات کریں گی۔ اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ باقاعدگی سے بزرگوں سے ملیں، ان کے مسائل سنیں اور بروقت ازالہ یقینی بنائیں۔اُنہوں نے اَپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ بزرگ شہریوںشہریوں کی حکمت اور تجربہ ناقابلِ تبدیل ہے۔ اُنہوں نے مستقبل میں اولڈ ایج ہومز کے دورے جاری رکھنے کا وعدہ کیا اور تمام اَفسران کو بزرگوں کی شکایات کے بروقت ازالے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے ڈائریکٹر سماجی بہبود جموں اور تمام افسران کو بزرگوں کی فلاح و بہبود کے لئے ان کی کوششوں پر مبارک باد بھی دی۔اِس سے قبل صدر ڈے کیئر سینٹرجموں ٹی آر شرما اورصدر اولڈ ایج ہوم جموں ڈاکٹر دنیش گپتا نے وزیرموصوفہ اور محکمہ سماجی بہبود کے سینئر اَفسران کا شکریہ اَدا کیا۔ اُنہوں نے بزرگ شہریوں کے لئے اولڈ ایج ہوم اور ڈے کیئر سینٹر میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں بھی تفصیلات پیش کیں۔بعد میں وزیر موصوفہ نے دیگر معززین کے ہمراہ اولڈ ایج ہوم کے بزرگ شہریوں کو ایک ایئر کنڈیشنر اور ایک ٹریڈ مل پیش کیا ۔ اِس کے علاوہ بزرگ شہریوں کو دیگر چھوٹے تحائف بھی دئیے گئے۔