عظمیٰ ویب ڈیسک
اننت ناگ/عالمی شہرت یافتہ سیاحتی مقام پہلگام کے آرو علاقے میں ایک المناک سڑک حادثے میں کم از کم دو افراد ہلاک جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوگئے۔ رپورٹس کے مطابق ایک نجی کار زیر رجسٹریشن نمبر JK03C-6737 آرو کے مقام پر حادثے کا شکار ہو گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس، امدادی ٹیمیں اور رضاکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔
ریسکیو ٹیموں نے اب تک دو افراد کی لاشیں بازیاب کر لی ہیں، جبکہ زخمیوں کو علاج و معالجے کے لیے قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گاڑی میں سوار سبھی افراد ضلع اننت ناگ کے دیالگام کے علاقے پیتھ بگھ کے رہائشی تھے۔
ہلاک ہونے والوں میں ایک کی شناخت عمران احمد گنائی کے طور پر ہوئی ہے جس کے متعلق بتایا جا رہا تھا کہ وہی گاڑی چلا رہا تھا۔ فوت ہوئے دوسرے شہری کی شناخت اور زخمیوں کی مکمل تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکی ہیں۔
حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کیا جا چکا ہے ۔ آخری اطلاعات موصول ہونے تک ریسکیو اور امدادی کارروائیاں جاری تھیں۔ وہیں پولیس نے اس معاملے میں کیس درج کر لیا ہے اور قانونی و طبی لوازمات کی تکمیل کے بعد فوت ہوئے شہریوں کی جسد خاکی کو آخری رسومات کے لیے لواحقین کے سپرد کر دیا جائے گا۔
پہلگام میں دلدوز سڑک حادثہ، دو افراد جاں بحق کئی دیگر زخمی