عظمیٰ ویب ڈیسک
اننت ناگ/منشیات کے استعمال اور غیر قانونی کاروبار کے خلاف جاری مہم کو مزید تیز کرتے ہوئے اننت ناگ پولیس نے اب منشیات کا استعمال کرنے والے افراد کے خلاف کاروائی شروع کی ہے ،تاکہ معاشرے سے منشیات کو جڑ سے اکھاڑا جائے ،اس کارروائی کے تحت چوبیس گھنٹوں کے دوران منشیات کے استعمال میں ملوث چھ افراد کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کیے ہیں۔ پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے تمام افراد کے ڈرگ ٹیسٹ مثبت پائے گئے، جس کے بعد ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق مخصوص اطلاعات اور معمول کی چیکنگ کے دوران ضلع کے مختلف علاقوں میں پولیس ٹیموں نے مشتبہ حالات میں چھ افراد کو حراست میں لیا۔ بعد میں ان افراد کا طبی معائنہ ریپڈ ڈرگ ڈیٹیکشن کٹس کے ذریعے کیا گیا، جس دوران تمام افراد کے ٹیسٹ منشیات کے استعمال کے بارے میں مثبت آئے۔
ٹیسٹ رپورٹوں کی بنیاد پر متعلقہ پولیس تھانوں میں این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 8/27 کے تحت چھ الگ الگ ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ ہر مقدمے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ منشیات کے حصول اور اس سے جڑے دیگر پہلوؤں کا پتہ لگایا جا سکے۔
اننت ناگ پولیس نے ایک بار پھر منشیات کے خلاف اپنی زیرو ٹالرینس پالیسی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ منشیات کے استعمال اور اس کی غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رکھی جائے گی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان نسل اور معاشرے کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔