عظمیٰ ویب ڈیسک
بارہمولہ/قومی تحقیقاتی ایجنسی(این آئی اے) نے بدھ کے روز شمالی ضلع بارہمولہ کے علاقے کانسی پورہ میں گرفتار ایک ملزم کی غیر منقولہ جائیداد ضبط کرنے کی کارروائی انجام دی۔
ذرائع کے مطابق ضبط کی گئی جائیداد شاہین احمد لون ولد مرحوم نذیر احمد لون کی ملکیت ہے۔ یہ جائیداد 7.5 مرلہ اراضی پر مشتمل ہے جو سروے نمبر 1192 کے تحت کانسی پورہ، بارہمولہ میں واقع ہے۔
حکام نے بتایا کہ یہ کارروائی غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (یو اے پی اے) 1967 کی دفعہ 33(1) کے تحت این آئی اے کیس نمبر RC-01/2020/NIA/JMU کے سلسلے میں عمل میں لائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ جائیداد کی ضبطی اسپیشل این آئی اے کورٹ جموں کی جانب سے 30 اپریل 2026 کو جاری کردہ حکم نامے کے مطابق کی گئی۔
حکام کے مطابق شاہین احمد لون کو اس سے قبل این آئی اے نے مبینہ غیر قانونی اسلحہ کیس میں گرفتار کیا تھا اور وہ اس وقت نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں بند ہیں۔
این آئی اے کی بڑی کارروائی، بارہمولہ میں ملزم کی زمین ضبط