عظمیٰ ویب ڈیسک
اننت ناگ /امرناتھ یاترا 2026 کے پیش نظر ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ اور یاترا آفیسر پہلگام ڈاکٹر بلال محی الدین بھٹ نے یاترا ٹرانزٹ کیمپوں، ایف سی آئی گودام میر بازار اور والنٹ فیکٹری قاضی گنڈ کا تفصیلی دورہ کیا اور یاترا کے سلسلے میں کی جانے والی تیاریوں اور سہولیات کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران متعلقہ افسران نے ڈی سی کو آگاہ کیا کہ ٹرانزٹ کیمپوں میں یاتریوں کے لیے بیت الخلا، طبی سہولیات، پینے کے پانی، بجلی اور بستر سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی کا کام جاری ہے اور یاترا کے آغاز سے قبل تمام انتظامات مکمل کر لیے جائیں گے۔
ڈی سی نے تیاریوں کا معائنہ کرتے ہوئے ہدایت دی کہ تمام مقامات پر معیاری بیت الخلا مناسب تعداد میں فراہم کیے جائیں اور پارکنگ مقامات پر خاطر خواہ روشنی کا انتظام یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے نکاسیٔ آب کے مؤثر نظام کی تنصیب، لنگر گاہوں کے لیے مناسب جگہ مختص کرنے اور راستوں کی مرمت کے کام کو بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔
ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے مختلف محکموں کے افسران کو خدمات میں مزید بہتری لانے اور یاتریوں کے لیے تمام سہولیات بروقت فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے لنگر گاہوں اور بیت الخلاؤں تک پانی کی مسلسل فراہمی، بلا تعطل بجلی، صفائی ستھرائی، حفظانِ صحت اور سینی ٹیشن کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔
بعد ازاں ضلع ترقیاتی کمشنر نے سبحان پورہ بجبہاڑہ میں زیر تعمیر یاتری نواس کا تفصیلی معائنہ کیا اور یاترا کے لیے انتظامی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ او این جی سی کے اشتراک سے تعمیر کیا گیا یہ مرکز 1500 یاتریوں کی رہائش کی گنجائش رکھتا ہے اور ضرورت کے مطابق یاتریوں کے قیام کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ڈی سی نے یاتری نواس میں جاری مختلف ترقیاتی اور تکمیلی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ ایجنسیوں اور محکموں کو موقع پر ہی ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے تمام زیر التوا کاموں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے اور عمارت کو مکمل طور پر فعال بنا کر یاتریوں کے استعمال کے لیے تیار رکھنے کی تاکید کی۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، ایس ڈی ایم ڈورو، سپرنٹنڈنگ انجینئرز کے پی ڈی سی ایل اور جل شکتی، پولیس کے سینئر افسران، چیف ایگریکلچر آفیسر، اسسٹنٹ کمشنر فوڈ سیفٹی، محکمہ آر اینڈ بی، کے پی سی ایل اور پی ایچ ای کے ایگزیکٹو انجینئرز، طبی افسران، تحصیلداروں، بی ڈی اوز، میونسپل کمیٹیوں کے ایگزیکٹو افسران، او این جی سی کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی دورے میں شرکت کی۔