جاوید اقبال
مینڈھر// جے اینڈ کے وقف بورڈ پونچھ نے سب ڈویژن مینڈھر کے جڑوانوالی گلی علاقے میں قبرستان کی اراضی پر قائم غیر قانونی تجاوزات کے خلاف ایک خصوصی انہدامی مہم چلا کر ناجائز قبضوں کے خاتمے کی سمت میں اہم قدم اٹھایا۔ وقف بورڈ کی اس کارروائی کو مقامی سطح پر کافی اہمیت دی جا رہی ہے، جبکہ عوام نے اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے باقی ماندہ تجاوزات کو بھی جلد از جلد ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔وقف بورڈ کے حکام، متعلقہ عملے اور مقامی انتظامیہ کی نگرانی میں انجام دی گئی اس مہم کے دوران قبرستان کی اراضی پر غیر قانونی طور پر قائم کئی ڈھانچوں کو مسمار کیا گیا۔
حکام نے موقع پر پہنچ کر زمین کا معائنہ کیا اور وقف ریکارڈ کی بنیاد پر تجاوزات کی نشاندہی کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی۔وقف بورڈ کے عہدیداروں نے اس موقع پر کہا کہ وقف املاک عوامی امانت ہیں اور ان کی حفاظت و بحالی وقف بورڈ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قبرستان، مساجد اور دیگر وقف جائیدادوں پر کسی بھی قسم کے ناجائز قبضے یا غیر قانونی تعمیرات کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وقف اراضی کو تجاوزات سے پاک رکھنے کے لیے آئندہ بھی ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔حکام نے متعلقہ افراد کو سختی سے ہدایت دی کہ وہ آئندہ وقف اراضی پر کسی بھی قسم کی تعمیر یا قبضے کی کوشش نہ کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کی اراضی عوامی فلاح و بہبود اور مذہبی مقاصد کے لیے مخصوص ہوتی ہے، اس لیے اس کا تحفظ انتہائی ضروری ہے۔ادھر مقامی لوگوں نے قبرستان کی زمین کو ناجائز تجاوزات سے آزاد کرانے کے اقدام کو سراہتے ہوئے وقف بورڈ کی کارروائی کو قابلِ ستائش قرار دیا۔ کئی افراد نے کہا کہ قبرستان کی اراضی پر اب بھی بعض مقامات پر قبضے موجود ہیں، جنہیں فوری طور پر ہٹایا جانا چاہیے تاکہ قبرستان کی مکمل اراضی بحال ہو سکے۔مقامی شہریوں نے مطالبہ کیا کہ وقف بورڈ پورے علاقے کا جامع سروے کروا کر تمام غیر قانونی قبضوں کی نشاندہی کرے اور بلا تفریق کارروائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں وقف اراضی پر دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہو سکیں۔