عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/آل انڈیا کانگریس کمیٹی (AICC) نے جموں و کشمیر کانگریس یونٹ میں مبینہ نظم و ضبط کی خلاف ورزیوں اور پارٹی مخالف سرگرمیوں کی تحقیقات کیلئے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
کانگریس کے جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال کی جانب سے جاری کردہ ایک حکم نامے کے مطابق، کانگریس صدر نے اس کمیٹی کے قیام کی منظوری فوری طور پر دے دی ہے۔
راجیہ سبھا کے رکن پارلیمان شکتی سنگھ گوہل کو کمیٹی کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ڈاکٹر امر سنگھ اور رفیق خان اس کے دیگر ارکان ہوں گے۔
جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ یہ کمیٹی جموں و کشمیر میں پارٹی کے اندر مبینہ بد نظمی، اختلافات اور پارٹی مخالف سرگرمیوں سے متعلق رپورٹوں کا جائزہ لے گی اور اپنی رپورٹ اعلیٰ قیادت کو پیش کرے گی۔
یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حال ہی میں کانگریس ہائی کمان نے جموں و کشمیر کے سینئر رہنماؤں کو نئی دہلی طلب کیا تھا اور پارٹی کے اندرونی اختلافات اور ناراضگیوں پر بعض رہنماؤں کی سرزنش بھی کی تھی۔
واضح رہے کہ ایک وقت میں جموں و کشمیر کی سیاست میں اہم کردار ادا کرنے والی کانگریس پارٹی گزشتہ چند برسوں کے دوران سیاسی طور پر کمزور ہوئی ہے اور اس کا اثر و رسوخ محدود ہو کر رہ گیا ہے۔
جموں وکشمیر کانگریس میں ڈسپلن خلاف ورزیوں پر ہائی کمان کا بڑا ایکشن، تین رکنی کمیٹی تشکیل