عاصف بٹ
کشتواڑ //ضلع کشتواڑ کے سب ڈویژن چھاترو کے تعلیمی زون اندروال کے علاقہ ہرخانی دروبیل میں قائم گورنمنٹ پرائمری سکول مبینہ طورگزشتہ تقریباً 20روز سے مسلسل بند پڑا ہے، جس کے باعث قریب 65طلبہ کا تعلیمی مستقبل شدید خطرے میں پڑ گیا ہے۔ مقامی لوگوں نے محکمہ تعلیم کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ سکول میں تعینات دو اساتذہ میں سے ایک چھٹی پر ہے جبکہ دوسرا ملازم سرکاری کام مردم شماری میں مصروف بتایا جا رہا ہے، جس کے باعث سکول مکمل طور پر غیر فعال ہو کر رہ گیا ہے جبکہ سکول میں تعینات آیا بھی غائب ہے۔
مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ بارہا متعلقہ حکام کو اس مسئلے سے آگاہ کیا گیا، مگر اب تک کوئی مؤثر قدم نہیں اٹھایا گیا۔لوگوں کے مطابق 65کے قریب طلاب سکول میں زیر تعلیم ہیںجنکی تعلیم متاثر ہورہی ہے، اگر یہی سلسلہ چلتا رہاتو انکی تعلیم مزید متاثر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں پہلے ہی تعلیمی سہولیات کی کمی ہے اور اس طرح سکولوں کا بند رہنا طلبہ کے مستقبل کے ساتھ ناانصافی ہے۔ والدین نے ضلع انتظامیہ اور محکمہ تعلیم سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر متبادل اساتذہ تعینات کیے جائیں تاکہ بچوں کی تعلیم کا سلسلہ بحال ہو سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر جلد از جلد مسئلہ حل نہ کیا گیا تو عوام سڑکوں پر اتر کر احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔ کشمیر عظمی نے معاملے سے کولیکر زیڈ ای او اندروال سے فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن ان سے متعدد کوششوں کے بعد بھی رابطہ ممکن نہ ہوسکا۔