عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے مڑواہ علاقے میں زمین کے تنازعہ کے دوران ایک خاتون کے قتل کے معاملے میں پولیس نے دو خواتین سمیت پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ ایک ملزم تاحال فرار ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق پولیس سٹیشن مڑواہ کو ابتدائی اطلاع موصول ہوئی کہ زینہ بیگم زوجہ غلام احمد ماگرے ساکن پٹھگام کو زمین کے تنازعہ کے دوران جھگڑے میں سر پر شدید چوٹ آئی ہے اور وہ بے ہوش حالت میں پائی گئی ہیں۔اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور زخمی خاتون کو طبی معائنے کے لیے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر نواپچی منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسےمردہ قرار دے دیا۔جسکے بعد متوفیہ کے شوہر غلام احمد ماگرے نے پولیس اسٹیشن مڑواہ میں تحریری شکایت درج کروائی جس میں الزام عائد کیا گیا کہ ان کی اہلیہ کو پیٹ پیٹ کر قتل کیا گیا ہے۔ شکایت کی بنیاد پر پولیس نے ایف آئی آر زیرنمبر 5/2026 درج کرتے ہوئے بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS) کی دفعات 103، 126(2)، 191(2)، 351(2) اور 352 کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی۔ پولیس کے مطابق پانچ ملزمان جنکی پہچان غلام حیدر ملک ولد غلام احمد ملک، اس کے تین بیٹے ظہور احمد ملک، امتیاز احمد ملک اور مظفر احمد ملک، اس کی بیوی سارہ بیگم اور بہو شاہینہ بیگم زوجہ ظہور احمد ملک شامل ہیں جو سبھی پٹھگام مڑواہ کے رہائشی ہیں۔ جبکہ ا ملزم فرار ہے ایس اید کشتواڑ نریش سنگھ نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن مڑواہ کے ایس ایچ او کی قیادت میں ایک خصوصی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ تاہم ایک ملزم مظفر احمد ملک موقع سے فرار ہو گیا ہے جس کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں پوسٹ مارٹم اور دیگر قانونی کارروائیاں مکمل کرنے کے بعد متوفیہ کی لاش آخری رسومات کے لیے ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔ ایس ایس پی نے مزید کہا کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور کیس کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کشتواڑ پولیس انصاف کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے اور اس جرم میں ملوث تمام افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔