عشرت حسین بٹ
پونچھ/جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر نے اتوار کو پونچھ میں ’’منشیات سے پاک جموں و کشمیر‘‘ مہم اور پدیاترا میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ یہ پدیاترا مرکز کے زیر انتظام علاقے کے تمام 20 اضلاع کا احاطہ کر چکی ہے اور اس کا واضح مقصد جموں و کشمیر کی سرزمین کو منشیات کی لعنت اور نارکو دہشت گردی سے پاک کرنا ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ پونچھ سے آج منشیات کے خلاف جنگ مزید شدت اختیار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 43 دنوں کے دوران ہر شہری، پنچایت اور وارڈ کو منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف متحد ہو کر کام کرنا ہوگا، عوامی بیداری پیدا کرنی ہوگی اور بحالی کے اقدامات کو تیز کرنا ہوگا تاکہ ایک صحت مند اور محفوظ معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔
منوج سنہا نے کہا کہ گزشتہ 57 دنوں کے دوران انہوں نے جموں و کشمیر کے ہر ضلع کا دورہ کیا اور عوام سے وعدہ کیا تھا کہ معاشرے کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج وہ تمام شہریوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ایک روشن اور بہتر مستقبل کی شمع ضرور روشن کی جائے گی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ آئندہ 43 دنوں میں پونچھ سمیت پورے جموں و کشمیر میں ایک وسیع عوامی تحریک چلائی جائے گی جس کا مقصد ہر پنچایت، ہر گلی اور ہر گھر کو منشیات سے پاک بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرحدی ضلع ہونے کے باعث پونچھ کو نارکو دہشت گرد عناصر اپنی سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ سرحد پار سے ہونے والی منشیات کی اسمگلنگ نوجوان نسل کو تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کی مالی معاونت بھی کر رہی ہے، جس کا مقابلہ پورے معاشرے کی مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ منشیات کے خطرے سے نمٹنے کے لیے بے حسی سے نکل کر عملی اقدام اٹھانا ضروری ہے۔ ’’یہ میرا مسئلہ نہیں‘‘ جیسی سوچ منشیات فروشوں کو مزید مضبوط بناتی ہے کیونکہ وہ عوامی خاموشی کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 57 روزہ مہم کے دوران منشیات کے نیٹ ورک کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائی گئیں، جن کے تحت 1038 ایف آئی آر درج کی گئیں، 1130 سے زائد اسمگلروں کو گرفتار کیا گیا، 63 افراد کو PIT-NDPS قانون کے تحت حراست میں لیا گیا جبکہ 100 سے زائد جائیدادیں ضبط کی گئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجرموں کی سرگرمیوں کو مکمل طور پر مفلوج کرنے کے لیے 700 ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کیے جا چکے ہیں جبکہ 130 پاسپورٹس کی منسوخی کا عمل بھی شروع کیا گیا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ’’منشیات سے پاک جموں و کشمیر‘‘ مہم کو ہر گھر تک پہنچانا اور اسے عوامی شعور کا مستقل حصہ بنانا ضروری ہے۔ ان کے مطابق نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور کھیلوں کے مواقع فراہم کرکے انہیں منشیات کے خلاف سب سے مؤثر قوت بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس حکمت عملی کے دو اہم ستون ہیں۔ پہلا، یوتھ کلبوں کو مقامی سطح پر منشیات کے نیٹ ورک کے خلاف پہلی دفاعی لائن بنانا، اور دوسرا، خواتین کو قیادت میں آگے لا کر ماؤں اور بہنوں کو ہر گاؤں کو منشیات سے پاک بنانے کی مہم کا حصہ بنانا۔
منوج سنہا نے اعلان کیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نارکو دہشت گردی کے پورے نظام کے خاتمے کے لیے مکمل اختیارات دیے گئے ہیں۔ نئے ایس او پی کے تحت منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں ان کے پاسپورٹس، ڈرائیونگ لائسنس، اسلحہ لائسنس اور آدھار کارڈ کی منسوخی کے ساتھ ساتھ ان کے منقولہ اور غیر منقولہ اثاثے این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ضبط کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ منشیات سے پاک جموں و کشمیر اسی عوامی تحریک کے ذریعے وجود میں آئے گا۔ جموں و کشمیر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ان کے دائرہ اختیار میں کوئی بھی منشیات فروش یا اسمگلر سرگرم نہ رہ سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سفر طویل ضرور ہے، لیکن نارکو دہشت گردی کے ہر نیٹ ورک کے خاتمے تک یہ مہم جاری رہے گی۔
منشیات سے پاک جموں و کشمیر مہم: لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی پونچھ میں پدیاترا، منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان