حسین محتشم
پونچھ//ضلع گاندربل کے معروف روحانی مرکز لار شریف میں منعقد ہونے والے سالانہ عرسِ مبارک کے سلسلے میں جموں خطے خصوصاً راجوری اور پونچھ اضلاع سے عقیدت مندوں کی بڑی تعداد وادی کشمیر کا رخ کر رہی ہے۔ عرسِ مبارک میں شرکت کے لئے درجنوں چھوٹی بڑی گاڑیاں، بسیں اور نجی ٹرانسپورٹ مغل روڈ کے راستے کشمیر روانہ ہو رہی ہیں، جس کے پیشِ نظر ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے خصوصی انتظامات عمل میں لائے ہیں تاکہ زائرین کو محفوظ اور سہل سفر فراہم کیا جا سکے۔ذرائع کے مطابق گزشتہ دو دنوں کے دوران راجوری، مینڈھر، تھنہ منڈی، سرنکوٹ، پونچھ اور جموں ڈویژن کے دیگر علاقوں سے عقیدت مندوں کے قافلے مغل روڈ کے ذریعے وادی کشمیر کی جانب روانہ ہوئے۔ عقیدت مندوںکی مسلسل بڑھتی ہوئی آمد کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے مغل روڈ پر سفری اوقات میں عارضی توسیع کا فیصلہ کیا ہے تاکہ لوگوں کو رات کے وقت بھی بہتر سفری سہولت میسر آ سکے۔پونچھ میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی ٹریفک رورل جموں فاروق قیصر نے بتایا کہ عرسِ مبارک کے پیشِ نظر مغل روڈ پر ٹریفک کے دباؤ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زائرین کی سہولت اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے چندی مڑھ سے سری نگر کی جانب روانہ ہونے والی آخری گاڑی کو اب رات آٹھ بجے تک سفر کی اجازت دی گئی ہے، جبکہ معمول کے دنوں میں اس حوالے سے مخصوص اوقات مقرر ہوتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ ضلع پونچھ اور شوپیاں کے ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ تفصیلی مشاورت کے بعد لیا گیا تاکہ سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ اور عوامی سہولیات کے تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔ ان کے مطابق مغل روڈ پر اضافی پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ حساس مقامات پر خصوصی نگرانی بھی رکھی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔ایس ایس پی ٹریفک نے زائرین سے اپیل کی کہ وہ سفر کے دوران ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں، گاڑیوں کی رفتار قابو میں رکھیں اور انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مغل روڈ ایک حساس اور پہاڑی شاہراہ ہے جہاں احتیاطی تدابیر اختیار کرنا نہایت ضروری ہے۔دوسری جانب عوامی، سماجی اور مذہبی حلقوں نے انتظامیہ کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ مقررین کا کہنا ہے کہ عرسِ مبارک جیسے بڑے مذہبی اجتماعات کے دوران سفری اوقات میں توسیع اور بہتر ٹریفک انتظامات زائرین کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی مذہبی مواقع پر اسی طرح کے عوام دوست اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ لوگوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔واضح رہے کہ لار شریف کا سالانہ عرسِ مبارک وادی کشمیر کے اہم مذہبی اجتماعات میں شمار ہوتا ہے جہاں جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع کے علاوہ ملک کے دیگر حصوں سے بھی عقیدت مند شرکت کرتے ہیں۔ اس موقع پر عقیدت مند روحانی اجتماعات، دعا اور مذہبی رسومات میں حصہ لے کر اپنی عقیدت کا اظہار کرتے ہیں۔