عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//ضلع پونچھ میں جموں و کشمیر پولیس نے منشیات کے خلاف جاری مہم کے تحت ایک اہم کارروائی انجام دیتے ہوئے تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کی رہائشی جائیداد کو این ڈی پی ایس ایکٹ 1985 کے تحت ضبط کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ کارروائی ’نشہ مْکت جموں و کشمیر ابھیان‘ کے تحت عمل میں لائی گئی، جس کا مقصد منشیات کے کاروبار سے وابستہ افراد اور ان کے مالی وسائل کے خلاف سخت کارروائی کرنا ہے۔سرکاری اطلاعات کے مطابق ضبط کی گئی جائیداد سرنکوٹ کے علاقہ سموٹ میں واقع ہے، جو خسرہ نمبر 871 کے تحت درج ایک رہائشی مکان پر مشتمل ہے۔ یہ جائیداد بشیرا بی زوجہ محمد رشید کی ملکیت اور زیرِ استعمال بتائی گئی ہے۔پولیس اسٹیشن سرنکوٹ نے یہ کارروائی این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 68(F) کے تحت انجام دی۔ یہ قدم ایف آئی آر نمبر 109/2025 کے سلسلے میں اٹھایا گیا، جو این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات 8، 21 اور 22 کے تحت درج کی گئی تھی۔ پولیس حکام کے مطابق تفتیش کے دوران منشیات سے متعلق سرگرمیوں اور اس سے حاصل شدہ مالی وسائل کے شواہد سامنے آنے کے بعد مذکورہ جائیداد کو قانونی طور پر ضبط کیا گیا۔پولیس نے جائیداد کے مقام پر باضابطہ ضبطی نوٹس بھی چسپاں کر دیا ہے، جس میں عوام کو مطلع کیا گیا ہے کہ مذکورہ جائیداد قانونی طور پر ضبط شدہ ہے۔ نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر کوئی بھی شخص اس جائیداد کی خرید و فروخت، لیز، منتقلی یا کسی تیسرے فریق کے مفاد کا حامل نہیں بن سکتا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی منشیات فروشوں اور ان کے مالی نیٹ ورک کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس منشیات کے کاروبار سے جڑے افراد کی نشاندہی، ان کے اثاثوں کی ضبطی اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے پْرعزم ہے۔ضلع پولیس پونچھ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ منشیات کے خلاف مہم مستقبل میں بھی اسی سختی کے ساتھ جاری رکھی جائے گی۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے علاقوں میں منشیات فروشی یا نشہ آور اشیاء کے استعمال سے متعلق کسی بھی اطلاع کو فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں تک پہنچائیں تاکہ معاشرے کو اس لعنت سے پاک بنایا جا سکے۔پولیس کے مطابق ’نشہ مْکت جموں و کشمیر ابھیان‘ کو کامیاب بنانے کے لیے عوامی تعاون نہایت ضروری ہے اور اسی اشتراک سے نوجوان نسل کو منشیات کے مضر اثرات سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے