عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جواہرنگر کے اخراج پورہ علاقہ میں کل رات اس وقت زبردست کہرام مچ گیا جب پہلگام میں غرقآب ہوئے شہری کی لاش پہنچائی گئی ۔ گزشتہ چھ دنوں سے لاپتہ محمد اشرف کی لاش کو کل پہلگام علاقے میں دریائے لدر سے برآمد کیا گیا۔ایس ڈی آر ایف ۔این ڈی آر ایف ،پولیس اور دیگر متعلقہ ایجنسیوں کے ساتھ ساتھ معروف غوطہ خور حمزہ نے اس کی لاش کو بازیاب کرنے کیلئے سرچ آپریشن شروع کیا تھا اور جمعہ کی شام محمد اشرف کی لاش دریائے لدر سے برآمد کی گئی ۔حکام نے بتایا کہ اس کی لاش پہلگام کے عماد علاقے میں دیکھی گئی، جس کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر اسے دریا سے نکالا۔لاش کو طبی قانونی کارروائیوں کے لیے منتقل کر دیا گیااور رات دیر گئے جب اس کی لاش جواہر نگر سرینگر اس کے گھر پہنچائی گئی تو وہاں کہرام مچ گیا ۔
سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے اس کے نماز جنازہ میں شرکت کی اور اسے اشک باز آنکھوں سے سپرد خاک کیا گیا ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ محمد اشرف اتوار کو پہلگام میں اپنی کنبے کے ہمراہ سیر پر گیا تھا جہاں اس کا بیٹا دریاے لدر میں ڈوب گیا اور اپنے بیٹے کو بچانے کے دوران محمد اشرف خود ہی پانی کے تیز بہائو میں ڈوب گیا تھا اور تب سے اس کی لاش کو دریائے لدر سے بازیاب کرنے کی کوششیں جاری تھیں ۔ادھر سری نگر کے لال بازار علاقے میں جمعہ کو ایک جواں سالہ خاتون اپنی رہائش گاہ کے اندر مردہ پائی گئی۔حکام نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 36 سالہ لال بازار کے طور پر کی گئی ہے، جو کہ لال بازار کی رہائشی تھی۔ انہوںنے بتایاکہ مذکورہ خاتون اپنے گھر کے ایک کمرے میں لٹکی ہوئی پائی گئی، جس کے بعد اہل خانہ نے اسے علاج کے لئےSKIMSصورہ منتقل کیا۔ جانچ کے بعد، ڈاکٹروں نے خاتون کومردہ قرار دے دیا ۔ دریں اثنا، پولیس نے واقعے کا نوٹس لیا ہے اور موت کے آس پاس کے حالات کا پتہ لگانے کیلئے ضروری کارروائی شروع کر دی ہے، اہلکار نے بتایاکہ مزید تفتیش جاری ہے۔اس دوران شوپیاں ضلع میں مغل روڈ پر دبجن کے قریب جمعہ کو ایک کار سڑک سے پھسل کر ڈھلوان سے نیچے گرنے سے بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے چھ افراد زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ پولیس اسٹیشن ہیر پورہ کے دائرہ اختیار میں اس وقت پیش آیا جب ایک سوئفٹ کار جس کا رجسٹریشن نمبر JK11D-4114 تھا، جو راجوری سے شوپیاں کی طرف سفر کر رہی تھی، ڈرائیور کے مبینہ طور پر گاڑی پر سے کنٹرول کھو جانے کے بعد حادثے کا شکار ہو گئی۔حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں اور مقامی حکام موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو علاج کے لیے ضلع اسپتال شوپیاں منتقل کیا۔