جاوید اقبال
مینڈھر//سب ڈویژن مینڈھر کی سرحدی تحصیل منکوٹ کے دبڑاج علاقے میں واقع جنگلات میں پیر کے روز اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں کئی چھوٹے اور سرسبز درخت جل کر خاکستر ہو گئے۔ آگ لگنے کے باعث علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، تاہم بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ کو مزید پھیلنے سے روک لیا گیا۔اطلاعات کے مطابق جنگلاتی علاقے سے دھواں اٹھتا دیکھ کر مقامی لوگوں نے فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی محکمہ جنگلات اور دیگر متعلقہ اداروں کے ملازمین موقع پر پہنچ گئے۔ مقامی باشندوں اور محکمہ کے اہلکاروں نے مشترکہ طور پر آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی اور کئی گھنٹوں کی مسلسل کوششوں کے بعد صورتحال پر قابو پا لیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق اگر بروقت اقدامات نہ کیے جاتے تو آگ وسیع رقبے پر پھیل سکتی تھی، جس سے جنگلاتی وسائل کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ تھا۔ تاہم اہلکاروں اور رضاکاروں کی فوری مداخلت کے باعث کسی بڑے حادثے یا جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔اگرچہ آگ کے نتیجے میں متعدد چھوٹے درخت اور جنگلاتی پودے متاثر ہوئے، لیکن بڑے پیمانے پر تباہی سے بچاؤ ممکن ہو گیا۔ واقعے کے بعد محکمہ کے اہلکاروں نے متاثرہ علاقے کا جائزہ لیا اور نقصان کا تخمینہ لگانے کا عمل بھی شروع کر دیا ہے۔مقامی لوگوں نے آگ بجھانے میں حصہ لینے والے محکمہ جنگلات کے ملازمین، رضاکاروں اور دیگر افراد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی بروقت کوششوں نے جنگلات کو بڑے نقصان سے بچا لیا۔ انہوں نے جنگلات کے تحفظ کے لیے عوامی بیداری بڑھانے اور موسمِ گرما کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔علاقہ مکینوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ جنگلاتی علاقوں میں نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے اور آگ سے بچاؤ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ قدرتی وسائل کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔