عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بدلتی ہوئی سیکورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے وائٹ نائٹ کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا نے پیر کے روز راجوری سیکٹر میں ایل او سی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ایس آف اسپیڈز ڈویژن کے جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل کوشک مکھرجی بھی موجود تھے۔دورے کے دوران لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا نے اگلے مورچوں پر تعینات فوجی جوانوں اور افسران سے ملاقات کی اور سرحدی علاقوں میں جاری آپریشنل سرگرمیوں، سیکورٹی انتظامات اور دفاعی تیاریوں کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں۔فوجی حکام کے مطابق کور کمانڈر نے لائن آف کنٹرول پر تعینات جوانوں کے بلند حوصلے، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل جغرافیائی اور موسمی حالات کے باوجود فوجی اہلکار اپنی ذمہ داریاں انتہائی لگن اور عزم کے ساتھ انجام دے رہے ہیں، جو قابلِ ستائش ہے۔
دورے کے دوران لیفٹیننٹ جنرل مشرا نے سرحدی علاقوں میں نگرانی کے جدید نظام، آپریشنل صلاحیتوں، سیکورٹی اقدامات اور مستقبل کی جنگی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا۔ انہیں مختلف یونٹوں کی جانب سے موجودہ صورتحال اور دفاعی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔کور کمانڈر نے موجودہ آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے، درست نشانہ لگانے کی صلاحیت (پریسیڑن اسٹرائیک کیپبلیٹی) کو مضبوط کرنے اور مستقبل کے جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ رہنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت کے امتزاج سے سرحدی دفاع کو مزید مستحکم بنایا جا رہا ہے۔لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا نے اس موقع پرفوج کے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ لائن آف کنٹرول پر مکمل چوکسی، مؤثر نگرانی اور سرحدی سلامتی کو ہر حال میں برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فوج ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہے اور کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔دورے کے اختتام پر کور کمانڈر نے جوانوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھنے کی تلقین کی۔ اس دورے کو سرحدی علاقوں میں سیکورٹی اور آپریشنل تیاریوں کے جائزے کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔