عشرت حسین بٹ
منڈی// ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے سرحدی علاقے ساوجیاں میں ہفتہ کے روز ایک شخص جنگلی ریچھ کے حملے میں شدید زخمی ہو گیا۔ زخمی کی شناخت محمود احمد ولد محمد اکبر ساکن براڑی ساوجیاں کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق محمود احمد اپنی ڈھوک ملڈوری میں مال مویشی چرا رہے تھے کہ اسی دوران اچانک ایک جنگلی ریچھ نمودار ہوا اور ان پر حملہ کر دیا۔ ریچھ کے حملے سے وہ شدید زخمی ہو گئے اور ان کے جسم کے مختلف حصوں پر گہری چوٹیں آئیں۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگوں اور پولیس نے فوری طور پر امدادی کارروائی شروع کی اور زخمی کو سب ضلع ہسپتال منڈی منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔
تاہم زخمی کی حالت کے پیش نظر انہیں مزید علاج کے لیے ضلع ہسپتال پونچھ ریفر کر دیا گیا۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ضلع ہسپتال پونچھ ڈاکٹر شفیق احمد نے بتایا کہ ریچھ کے حملے میں زخمی ہونے والے شخص کے جسم پر متعدد مقامات پر گہرے زخم آئے ہیں اور ڈاکٹروں کی ٹیم ان کا مسلسل معائنہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریض کی حالت پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور ضرورت پڑنے پر اسے بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری یا گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا جا سکتا ہے۔علاقے کے لوگوں نے جنگلی جانوروں کی بڑھتی نقل و حرکت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ جنگلی حیات سے مطالبہ کیا ہے کہ انسانی آبادیوں کے نزدیک جنگلی جانوروں کی آمد کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے ناخوشگوار واقعات سے بچا جا سکے۔واضح رہے کہ پونچھ اور راجوری کے پہاڑی و جنگلاتی علاقوں میں وقتاً فوقتاً ریچھ اور دیگر جنگلی جانوروں کے حملوں کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں، جس سے مقامی آبادی خصوصاً مویشی پال حضرات کو خطرات لاحق رہتے ہیں۔