رمیش کیسر
نوشہرہ//علاقے میں جاری خشک سالی اور پینے کے پانی کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہرہ ڈاکٹر پرتیم لعل تھاپانے جمعرات کے روز ڈنڈیسر واٹر پمپنگ اسٹیشن کا اچانک دورہ کرکے پانی کی سپلائی کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے واٹر اسٹیشن میں ذخیرہ آب، پمپنگ نظام، بجلی کی فراہمی اور مجموعی انتظامات کا معائنہ کیا۔دورے کے دوران اے ڈی سی نے پمپنگ اسٹیشن پر تعینات عملے سے بھی بات چیت کی اور پانی کی سپلائی سے متعلق زمینی صورتحال کی جانکاری حاصل کی۔
معائنے کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ پمپنگ اسٹاف اپنی ڈیوٹی پر موجود تھا اور پانی کی فراہمی کا عمل بغیر کسی رکاوٹ کے جاری تھا۔ڈاکٹر پریتم لال تھاپا نے محکمہ جل شکتی کے افسران کو ہدایت دی کہ موجودہ خشک موسم کے دوران عوام کو بلا تعطل پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ تمام واٹر پمپنگ اسٹیشن مکمل طور پر فعال رہنے چاہئیں اور فیلڈ اسٹاف اپنی متعلقہ ڈیوٹی مقامات پر موجود رہے۔انہوں نے مزید ہدایت دی کہ واٹر پمپنگ اسٹیشن کے احاطے میں صفائی ستھرائی اور بہتر دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے جبکہ مشینری اور آلات کی بروقت مرمت اور مینٹیننس پر خصوصی توجہ دی جائے۔ اے ڈی سی نے کہا کہ پانی کی سپلائی کے شیڈول کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ دور دراز اور آخری سرے پر واقع علاقوں تک بھی مناسب مقدار میں پانی پہنچ سکے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو عوامی شکایات پر فوری کارروائی کرنے اور پانی کی قلت سے نمٹنے کیلئے مربوط حکمت عملی اپنانے کی بھی ہدایت دی۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے معائنے سے پانی کی فراہمی کے نظام میں مزید بہتری آئے گی۔