محتشم احتشام
پونچھ//میونسپل کونسل پونچھ کی جانب سے ’سوچھ سرویکشن 2025-26‘مہم کے تحت پریڈ پارک میں ایک بامقصد بیداری پروگرام منعقد کیا گیا، جس کا مقصد عوام میں صفائی، حفظانِ صحت اور کچرے کی مناسب نکاسی کے حوالے سے شعور بیدار کرنا تھا۔ پروگرام کی صدارت چیف ایگزیکٹو آفیسر میونسپل کونسل پونچھ محمد حنیف نے کی، جبکہ اکاؤنٹس آفیسر ڈاکٹر شکیل الرحمٰن، معزز شہریوں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر صفائی ستھرائی اور ماحولیاتی تحفظ کے موضوع پر ایک متاثر کن ’نکڑ ناٹک‘ پیش کیا گیا، جس میں فنکاروں نے نہایت مؤثر انداز میں عوام کو صفائی کی اہمیت، کچرے کی علیحدگی، مناسب صفائی نظام اور صحت مند ماحول برقرار رکھنے کے حوالے سے آگاہ کیا۔
ثقافتی انداز میں پیش کیے گئے اس پروگرام نے حاضرین کی بھرپور توجہ حاصل کی اور عوامی شعور بیدار کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔فنکاروں نے اپنے منفرد اندازِ اداکاری کے ذریعے یہ پیغام دیا کہ کسی بھی شہر کو صاف، سرسبز اور خوبصورت بنانے میں عوامی تعاون بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ’سوچھ سرویکشن 2025-26‘مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف رکھنے میں ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔پریڈ پارک میں منعقدہ اس پروگرام میں عوام کی بڑی تعداد موجود رہی، جنہوں نے میونسپل کونسل پونچھ کی اس پہل کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی ثقافتی اور عوامی سرگرمیاں صفائی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کا مؤثر ذریعہ ثابت ہو رہی ہیں۔ پروگرام کے دوران عوام کو یہ بھی بتایا گیا کہ عوامی مقامات پر صفائی برقرار رکھنا، کچرے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانا اور ماحول دوست رویوں کو اپنانا ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے ناگزیر ہے۔اس موقع پر میونسپل کونسل کے افسران نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صفائی مہم میں میونسپل کونسل کا بھرپور تعاون کریں تاکہ پونچھ کو ایک صاف، سرسبز، خوبصورت اور مثالی شہر بنایا جا سکے۔