عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتو نے کل پنچن پتری کولگام میں ٹوراِزم کپسٹی بلڈنگ کیمپ کا اِفتتاح کیا اور آل ٹیرین ریلی (اے ٹی آر)، ٹریکروں کی مہم، سائیکل ریلی اور سیاحت کے فروغ سے متعلق دیگر سرگرمیوں کو جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔اِس موقعہ پر وزیر موصوفہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر میں سیاحتی شعبے کو مضبوط بنانے کے لئے غیر معروف سیاحتی مقامات کو ترقی دے رہی ہے اور ایڈونچر ٹوراِزم سرگرمیوں کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ اِس طرح کے پروگرام نوجوانوں کو سیاحت، روزگار پیدا کرنے اور خود روزگار سے متعلق مختلف حکومتی سکیموں اور پروگراموں کے بارے میں بیداری فراہم کرنے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔کیمپ میں سیاحت کے شراکت داروں، ٹور اینڈ ٹریول آپریٹروں، مقامی نمائندوں، ضلعی اَفسران اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس دوران ڈائریکٹر جنرل نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی) لیفٹیننٹ جنرل وریندر وٹس نے کل سکینہ اِیتو سے ملاقات کی اور انہیں جموں و کشمیر میں این سی سی کی طرف سے چلائے جا رہے پروگراموں اوررسائی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔اْنہوں نے وزیر موصوفہ کو بتایا کہ یونین ٹیریٹری کے دْور دراز اور سرحدی علاقوں میں طلباکی زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنانے کے لئے مختلف اَقدامات کئے جا رہے ہیں۔وریندر وٹس نے وزیر کو جموں و کشمیر میں این سی سی یونٹوں کی طرف سے جاری تربیتی پروگراموں، ایڈونچرسرگرمیوں، بیداری مہمات اور سماجی خدمت کے اَقدامات کے بارے میں بھی تفصیلی جانکاری دی۔سکینہ اِیتو نے نوجوانوں میں نظم و ضبط، اعتماد اور خدمت کے جذبے کو پروان چڑھانے میں این سی سی کے تعاون کی سراہنا کی۔اْنہوں نے ڈائریکٹر جنرل کو یقین دِلایا کہ حکومت جموں و کشمیر میں نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لئے این سی سی کی مختلف سرگرمیوں کے اِنعقاد میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔اِس موقعہ پراے ڈی جی این سی سی میجر جنرل انو پیندر بھی موجود تھے۔