سمت بھارگو
راجوری//جموں۔راجوری۔پونچھ قومی شاہراہ پر چنگس کے مقام پر پیش آئے ایک دلخراش سڑک حادثے میں 14 سالہ لڑکی جاں بحق جبکہ ایک ہی خاندان کے چار افراد شدید زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا اور مقامی لوگوں نے فوری طور پر راحت رسانی کارروائیوں میں حصہ لیا۔پولیس ذرائع کے مطابق حادثہ اْس وقت پیش آیا جب ایک کار جموں سے مینڈھر کی طرف جا رہی تھی اور مخالف سمت سے آنے والے ایک ٹرک کے ساتھ اس کی آمنے سامنے شدید ٹکر ہوگئی۔ تصادم اتنا زوردار تھا کہ کار میں سوار تمام افراد زخمی ہوگئے۔حادثے کے فوراً بعد مقامی لوگوں اور پولیس نے امدادی کارروائی شروع کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج سے منسلک ہسپتال راجوری منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے 14 سالہ شبنم دختر فردین خان کو مردہ قرار دے دیا۔ کمسن لڑکی کی موت کی خبر سنتے ہی اہل خانہ میں صف ماتم بچھ گئی۔حادثے میں زخمی ہونے والوں میں یاسر ملک ولد غلام دین ملک (40)، آسمہ ملک (35)، عابدہ پروین دختر محمد شفیع (24) اور ایک سالہ امیرہ ملک دختر یاسر ملک شامل ہیں۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق تمام زخمیوں کا علاج جاری ہے اور بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری یا لاپرواہ ڈرائیونگ کے باعث پیش آنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم اصل وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ادھر مقامی لوگوں نے شاہراہ پر بڑھتے سڑک حادثات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے اور شاہراہ پر حفاظتی اقدامات مزید مؤثر بنائے جائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔