محمد بشارت
بدھل// ضلع راجوری کے بلاک بدھل کی پنچایت حلقہ درمن کے وارڈ نمبر 6 کچجا ڈانہ میں ایک 16 سالہ نوجوان کی مشکوک حالت میں لاش برآمد ہونے سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ متوفی کی شناخت محمد آویز ولد مرحوم عبدالقیوم ساکنہ درمن کے طور پر کی گئی ہے، جس کی عمر تقریباً 16 برس بتائی جا رہی ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق نوجوان کی لاش اس کے گھر کے اندر سے برآمد ہوئی، جس کے بعد پورے گاؤں میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی۔ واقعہ کی اطلاع فوری طور پر پولیس تھانہ بدھل کو دی گئی، جس کے بعد پولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
پولیس نے ابتدائی کارروائی انجام دیتے ہوئے نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے سی ایچ سی کنڈی منتقل کیا، جہاں قانونی لوازمات مکمل کرنے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔ بعد ازاں نوجوان کو اس کے آبائی گاؤں درمن میں پرنم آنکھوں کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔واقعہ کے بعد علاقے میں غم کی فضا قائم ہے جبکہ اہل خانہ اور مقامی لوگ نوجوان کی اچانک موت پر صدمے میں ہیں۔ مقامی شہریوں نے واقعہ کی مکمل اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ حقیقت سامنے آسکے۔ادھر پولیس نے معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور دیگر شواہد کی بنیاد پر معاملے کی ہر پہلو سے جانچ کی جا رہی ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی اصل وجوہات سامنے آسکیں گی۔